کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) ایف سی اور حساس اداروں نے ہزار گنجی میں کارروائی کرکے واہگہ بارڈر دھماکے میں ملوث گروہ کے 2 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق ملزموں سے واہگہ بارڈر حملے کی ریکی میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے۔ گرفتار ایک ملزم کا تعلق لاہور سے ہے، تفتیش جاری ہے۔علاوہ ازیں کوئٹہ میں ایف سی اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 15مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ جمعہ کو فرنٹیر کور بلوچستان اور پولیس نے کوئٹہ کے علاقے کیچی بیگ اور اتحاد کالونی میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 15مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا ۔لورالائی کے علاقے دکی میں حساس ادارے اور ایف سی نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم طالبان کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ ایف سی نے گرفتار دہشت گرد سے تفتیش شروع کردی، اہم انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔ علاوہ ازیں لورالائی میں حساس ادارے اور ایف سی نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے دہشت گردکو گرفتار کرلیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق لورالائی کے علاقے دکی میں حساس ادارے اور ایف سی نے مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا جو دہشت گردی کی مختلف وارداتوں میں مطلوب تھا۔