لاہور (نیوز رپورٹر) وزارت پانی و بجلی نے ملک بھر میں عیدالفطر کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گھریلو صارفین کو عید کے 3 روز بجلی مسلسل فراہم ہو گی جبکہ چیف ایگزیکٹو لیسکو قیصر زمان نے عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے فیلڈ افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں۔ اسی حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لیسکو میں بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے چیف انجینئرز اپنے زون کی نگرانی کرینگے۔ متعلقہ افسران کو ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ قیصر زمان نے نوائے وقت کو بتایا کہ تمام ڈویژنز اور سب ڈویژنز میں ٹرالی ٹرانسفارمرز مہیا کر دیئے گئے ہیں جبکہ بارش کے دوران اگر فیڈرز متاثر ہوئے تو اس کو فوری بحال کرنے کیلئے بھی علیحدہ سے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ تمام سب ڈویژنز 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔