لاہور(سپورٹس رپورٹر) پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اجمل خان لودھی نے کہا ہے کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اس پر سیاست نہیں ہونی چاہئے بلکہ تمام اولمپئنز کو مل بیٹھ کر ماضی کا عروج دوبارہ حاصل کرنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئے۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اجمل خان لودھی کا کہنا تھا کہ اولمپک 2016ء سے باہر ہونے سے پاکستان ہاکی کا وجود ختم نہیں ہو جائے گا۔ بھارتی ٹیم بھی ایک مرتبہ اولمپکس سے باہر ہو چکی ہے لیکن ایسا ہرگز نہیں ہوا کہ بھارتی ہاکی ختم ہو گئی ہو۔ بہتر منصوبہ بندی اور حکومت کے تعاون سے ایک مرتبہ پھر ہاکی پر محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر ذاتی لالچ کو نکال کو کھیل کی ترقی کے لئے کام کیا گیا تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ مستقبل قریب میں پاکستان ہاکی اپنے پاؤں پر کھڑی ہونا شروع ہو جائے گی۔ اجمل خان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ اس مرتبہ پاکستان سپورٹس بورڈ کی بنائی جانے والے انکوائری کمیٹی پاکستان ہاکی کو درپیش مسائل سے وزیراعظم پاکستان کو آگاہ کرے گی۔