لاہور/ سیول (سپورٹس رپورٹر+ خبرنگار) پاکستان باکسنگ فیڈریشن سے باغی ہونے والے پاکستانی باکسر محمد وسیم نے فلپائن کے مایہ ناز باکسر جیتھر اولیوا کو شکست دے کر انٹرنیشنل پروفیشنل سلور ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی محمد وسیم عالمی پروفیشنل باکسنگ کی رینکنگ میں چوتھے نمبر آگئے۔ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے 28سالہ محمد وسیم پاکستان کے پہلے باکسر ہیں جس نے ڈبلیو بی سی انٹرنیشنل پروفیشنل ٹائٹل جیتا ہے۔ محمد وسیم کامن ویلتھ گیمز، کمبیٹ گیمز چائنا، کنگز کپ، بنکاک، جنوبی ایشائی گیمز بنگلہ دیش، پریذیڈنٹ کپ انڈونیشیا، بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ٹورنامنٹ سمیت متعدد ٹورنامنٹس میں حصہ لے چکے ہیں۔ جیت کے بعد کوئٹہ میں محمد وسیم کی رہائش گاہ پر اہل خانہ اور دوستوں نے جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔ مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔ انہوں نے دو ماہ امریکہ اور جاپان میں خصوصی تربیت حاصل کی۔ محمد وسیم 2015ء میں اپنی پہلی پروفیشنل فائٹ میں اپنے مدمقابل باکسر کو ناک آوٹ کرنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ جیت کے بعد صدر پاکستان ممنون حسین ، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے باکسر محمد وسیم کو سلور ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد وسیم نے پاکستان کا نام روشن کر دیا جبکہ صوبائی وزیر کھیل سندھ مجیب الرحمان کی جانب سے محمد وسیم کو مبارکباد اور 5لاکھ انعام کا اعلان کیا۔ جنوبی کوریا کے شہر سیول میں ہونے والا مقابلہ 12 ویں رائونڈ تک جاری رہا جس کے دوران محمد وسیم نے حریف پر تابڑ توڑ حملے کیے۔ ججز نے متفقہ طور پر محمد وسیم کو فاتح قرار دیا۔ علاوہ ازیں پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری اقبال حسین نے کہا ہے کہ محمد وسیم نے انٹرنیشنل پروفیشنل سلور ٹائٹل جیت کر پوری قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا ہے۔ امید ہے کہ نمبر کی پوزیشن کو بھی حاصل کر لے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وسیم ابھی چار پانچ سال کھیل سکتا ہے جس کی بنا پر امید کی جا سکتی ہے کہ ٹوکیو اولمپک میں وسیم پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔ وسیم ایک خالص پاکستانی ہے جس نے پروفیشنل باکسنگ میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔
سیئول :پاکستانی محمد وسیم نے فلپائنی باکسر کو ہرا کر پہلی رانٹرنیشنل پروفیشنل سلورٹائٹل جیت لیا
Jul 18, 2016