لاہور/ قصور/ حافظ آباد (سپورٹس رپورٹر + خبر نگار + نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز شام 4 بجکر 58 منٹ پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.4 تھی۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہری کلمہ طیبہ اور قرآنی آیات کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں کو چھوڑ کر کھلے مقامات پر نکل آئے۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ زلزلے کے جھٹکے لاہور، فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ، کامونکی، حافظ آباد، مریدکے‘ راجہ جنگ‘ فیصل آباد، پتوکی، پاکپتن، اوکاڑہ، ساہیوال، گوجرانوالہ، ملتان، سانگلہ ہل، رائے ونڈ، رینالہ خورد سمیت دیگر مقامات پر بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی زیرزمین گہرائی 10کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز لاہور سے جنوب مغرب کی جانب 37 کلومیٹر تھا۔ زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے شہری خوف کے مارے کافی دیر تک باہر کھڑے رہے۔ پاراچنار اور اس کے گردونواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق امرتسر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ خبر نگار کے مطابق وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیوں سے متعلق اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا متعلقہ ادارے اور محکمے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے پیش نظر تمام تیاریاں مکمل رکھیں۔ پی ڈی ایم اے‘ ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کے ساتھ انتظامیہ بھی پوری طرح الرٹ رہے۔ نامہ نگار کے مطابق راجہ جنگ میں زلزلے کے وقت شدید گونج بھی سنائی دی۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق لوگ مساجد میں سجدہ ریز ہو گئے جبکہ جی ٹی روڈ پر گاڑیاں رک گئیں۔ آن لائن کے مطابق سانگلہ ہل وارڈ نمبر 4 میں مکان کی ایک دیوار پر لگا ٹیلیویژن گرنے سے بابا ابراہیم اور اس کی اہلیہ رحیمہ بی بی زخمی ہو گئے۔ ان کو قریبی ہسپتال میں طبی امداد دی گئی۔