لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے نیازی صاحب کی الزام تراشی، جھوٹ اور منافقت کی سیاست سے عوام متنفر ہوچکے ہیں اور انہوں نے ہر موقع پر جھوٹ بولنے کے عالمی ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ پاکستان کے باشعور عوام دروغ گوئی اور دشنام طرازی کی ایسی منفی سیاست کو مسترد کرچکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے دھرنے دے کر پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خلاف گھناؤنی سازش کی گئی، پھر لاک ڈاؤن کے ذریعے پاکستان پر ایک اور وار کیا گیا اور اب دھرنا گروپ جھوٹ اور الزام تراشی کے ذریعے پاکستان کی قسمت سے پھر کھیلنے کی کوشش کررہا ہے۔ سیاسی عدم استحکام اور بے یقینی کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کرنیوالے نہیں چاہتے ملک ترقی کرے اور عوام خوشحال ہوں۔ یہ عناصر صرف اور صرف اپنے ذاتی مفادات کی تکمیل کیلئے عوام کی مشکلات بڑھا رہے ہیں اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے تیز رفتار سفر کو روکنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب نے سیاست میں گالم گلوچ اور ناشائستگی کے کلچر کو پروان چڑھایا اور ان کی سیاست جھوٹ، منافقت اور ذاتی مفادات کے گرد گھومتی ہے، لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے اور ہماری سیاست شائستگی اور اقدار کی سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے منصوبوں میں شفافیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں اور بلاشبہ ترقی و خوشحالی کیلئے انقلابی اقدامات کا کریڈٹ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا نیازی صاحب نے صرف انتشار، الزام تراشی اور جھوٹ پر مبنی منفی سیاست کی ہے اور دھرنا گروپ نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کو روکنے کیلئے ہر موقع پر رکاوٹیں ڈالیں اور یہ شکست خوردہ عناصر اس وقت انتشار پھیلا کر قوم کی یکجہتی اور قومی ترقی کو پارہ پارہ کرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں، جب ملک پائیدار بنیادوں پر ترقی کر رہا ہے اور تاریخ میں پہلی بار انتہائی تیز رفتاری سے شفافیت کے ساتھ ترقیاتی اور توانائی کے منصوبے مکمل ہو رہے ہیں اور ایسے وقت انارکی پھیلانے کی کوشش عوام سے دشمنی کے مترادف ہے۔ منفی سیاست کے موجد نے اقتدار کی ہوس میں قومی مفاد ات کو دائو پر لگانے سے بھی گریز نہیں کیا۔ملک کی ترقی و خوشحالی اور سی پیک میں رخنہ ڈالنے کی کوششیں کرنے والے قوم کے مجرم ہیں اور ملک و قوم کی روشن ہوتی ہوئی تقدیر سے کھیلنے والے ایسے سیاسی عناصر کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ افراتفری، محاذ آرائی اور انتشار پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے پاکستان کی تیز رفتار ترقی روکنا چاہتے ہیں اور یو ٹرن کے عالمی ریکارڈ ہولڈر سیاست دان ذاتی انا کی خاطر ملک و قوم کی تقدیر سے گھنائونا کھیل کھیل رہے ہیں اورانتشار پیدا کرنے والے عناصر کو عوام کی ترقی اوربدلتی ہوئی قسمت سے کوئی سروکار نہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی جماعت ہے اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی مقبولیت سے خائف عناصر دراصل ملک کی تیز رفتار ترقی سے خائف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی اورخوشحالی کی منزل ضرور حاصل کرے گا اور پاکستان کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کرنے والوں کے منفی حربے ناکام رہیں گے۔
شہبازشریف