صفائی کے پرانے اور بوسیدہ نظام کی جگہ نیا نظام لایا جائیگا‘ ملک ابرار سے گفتگو

Jul 18, 2017

اسلام آباد (وقائع نگار) چیئرمین، سٹینڈنگ کمیٹی برائے کشمیر امور اور پی ایچ اے،ملک ابرار(ایم این اے) نے پیر کے روز سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اسلام آباد کے سیکٹر I-12 میں میٹروپولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کی طرف سے کوڑا ڈمپ کرنے کے باعث شہریوں کی مشکلات اور آئی جے پرنسپل روڈ پر قائم کی گئی تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ـڈی اےشیخ انصر عزیز نے سیکٹر آئی 12- کی کوڑا ڈمپنگ سائیٹ کے ضمن میں تفصیلات معلوم کرنے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ شہریوں کو درپیش مشکلات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اس ڈمپنگ سائیٹ کو جلد از جلد ختم کر کے نئی جگہ منتخب کی جائے گی اور نئی جگہ کے انتخاب میں اس بات کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے گا کہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔میئر اسلام آباد نے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے جدید نظام کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے قیام کے لیے اگلے کچھ دنوں تک بذریعہ اشتہارات اظہارِ دلچسپی کی درخواستیں طلب کر رہی ہے تاکہ صفائی کے پرانے ،روایتی اور بوسیدہ نظام کی جگہ جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو اپنایا جائے جس سے کوڑا کرکٹ سائنٹیفک انداز سے ٹھکانے لگانے کے علاوہ اس سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے توانائی حاصل کی جائے گی۔آئی جے پی روڈ پر سرکاری زمین پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف جاری آپریشن کے ضمن میں میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ یہ آپریشن قبضہ مافیا کے خلاف بلا امیتاز کیا جا رہا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ جو لوگ بشمول تاجر اپنی حدود میں رہکر کام کر رہے ہیں انکے خلاف انسدادِ تجاوزات کی یہ مہم نہیں ہے بلکہ جو مافیا سرکاری اراضی پر ناجائز تعمیرات یا تجاوزات کا مرتکب ہو رہا ہے یہ آپریشن ان کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ وہ آپریشن کے دوران صرف ان افراد کی تجاوزات کو ختم کریں جو سرکاری اراضی کو استعمال کر رہے ہیں تاہم انہوں نے ہدایت کی کہ آپریشن کے دوران اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ قانون اور اپنی حدود میں رھکرکام کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جے پرنسپل روڈ کے اطراف خالی کرائی گئی سرکاری اراضی پر خوبصورت پارکس بنائے جائیں گے تاکہ گردونواح کے لوگوں کو جہاں تفریحی سہولیات میسر ہوں گی وہاں اس علاقے کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ حق داروں کی آڑ میں اس آپریش کی مخالفت کر رہے ہیں تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ یہ آپریشن محض قبضہ مافیا کے خلاف ہے۔ چیئرمین، سٹینڈنگ کمیٹی برائے کشمیر امور اور پی ایچ اے،ملک ابرار(ایم این اے) نے ان مسائل کے حل کی یقین دہانی پر میئر اسلا م آباد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے منتخب عوامی نمائندے میئر اسلام آباد کی قیادت میں جو کام کررہی ہے وہ نہایت قابل تحسین ہے۔ 

مزیدخبریں