شہبازشریف کی نااہلی کیلئے عمران کی درخواست ہائیکورٹ میں آج سماعت ہو گی

Jul 18, 2017

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی نااہلی کے لئے دائر درخواست پر آج سماعت کریں گے۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے شہبازشریف کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کےلئے آئیں کے آرٹیکل 199کے تحت درخواست دائر کی جس میں شہباز شریف اور الیکشن کمشن کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں شہباز شریف کی وزیر اعلی بننے کی اہلیت کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست میں یہ اعتراض اٹھایا گیا کہ شہباز شریف عوامی عہدہ رکھنے کے ساتھ ذاتی کاروبار سے منسلک رہے اور شہباز شریف نے اپنے بھائی اور وزیراعظم نوازشریف کو 6 ارب کے تحائف دیے ہیں اور اس رقم کی کوئی منی ٹریل نہیں دی گئی ۔درخواست میں یہ بھی الزام لگایا گیا کہ شہباز شریف نے اپنے خاندان کی ملکیت شوگر ملز کیلئے بھی اثرورسوخ استعمال کیا۔ درخواست میں یہ دعوی بھی کیا گیا شریف خاندان کے اثاثے آمد ن سے مطابقت نہیں رکھتے۔ درخوست میں استدعا کی گئی ہے کہ شہبازشریف کو وزارت اعلیٰ اور رکن پنجاب اسمبلی کی حیثیت سے نااہل قرار دیا جائے۔
شہباز شریف/ نااہلی

مزیدخبریں