مریدکے، نارنگ منڈی: 2 بھائیوں سمیت 4 بچے مچھلی فارموں میں نہاتے ڈوب گئے

مریدکے + نارنگ منڈی + شیخوپورہ +فیروزوالہ (نامہ نگاران) سرکل مریدکے میں دو مختلف واقعات کے دوران دو سگے بھائیوں سمیت چار کمسن بچے پرانے مچھلی فارموں میں نہاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ پہلا واقعہ تھانہ صدر کے علاقہ بھیانوالہ کلاں میں پیش آیا جہاں 10 اور 12 سالہ سگے بھائی محمد عون اور محمد جون گاؤں کے قریبی پرانے مچھلی فارم میں نہانے کے لیے داخل ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ دونوں بچے مقامی زمیندار رانا علمدار حسین کے بیٹے لیسکو اہلکار رانا زاہد کے بھانجے بیان کئے جاتے ہیں۔ دوسرا افسوسناک واقعہ نارنگ منڈ ی کی آبادی کوٹ عبد الرحمان میں پیش آیا جہاں شبیر حسین کا سات سالہ بیٹا عبد اللہ مہتہ سوجا سے مہمان آنے والے اپنے 9سالہ کزن زین کے ہمراہ کھیلنے کے لیے گھر سے نکلا قریبی پرانے مچھلی فارم میں جمع برساتی پانی میں نہانے کے دوران دنوں بچے دلدل کے باعث پانی میں ڈوب گئے۔ اہل علاقہ کے پہنچنے تک دونوں کمسن موت کی وادی میں اتر چکے تھے۔ کمسن پھولوں کی نعشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا جس سے علاقہ بھر کی فضا سوگوار ہو گئی۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن