لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے رو برو لو میرج کرنے والے احتشام نامی نوجوان کی مبینہ بیوی نے خاوند کیساتھ جانے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے لڑکی کو اسکے بیان کی روشنی میں والدین کے ہمراہ جانے کی اجازت دی تو شوہر نے احاطہ عدالت میں زہریلی گولیاں نگل لیں۔ حالت غیر ہونے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ احتشام نے اپنی مبینہ بیوی ثوبیہ کی بازیابی کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔ جسٹس سرفراز ڈوگر کے حکم پر عدالتی بیلف نے لڑکی کو بازیاب کرا کے عدالت پیش کیا۔ ثوبیہ نے عدالت کو بتایا کہ وہ اپنی مرضی سے اپنے والدین کے ساتھ رہ رہی ہے اسے کسی نے حبس بیجا میں نہیں رکھا، وہ اپنے والدین کے ساتھ رہنا چاہتی ہے خاوندکے ساتھ نہیں جانا چاہتی، جس پر عدالت نے لڑکی کو اپنے والدین کے ہمراہ جانے کی اجازت دیتے ہوئے حبس بیجا کی درخواست مسترد کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ: بیوی کا ماں باپ کیساتھ جانے کا بیان، شوہر نے احاطہ عدالت میں زہر نگل لیا، حالت تشویشناک
Jul 18, 2018