لاہور، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگاران + آن لائن) لاہور سمیت مختلف شہروں میں گزشتہ روز تیز اور ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔ دریں اثناء چیچہ وطنی اور گردونواح میں طوفانی بارش اور آندھی سے نظام زندگی معطل جبکہ پاؤں پھسل کر گرنے سے ایک شخص اقبال پائوں پھسل کر گرنے سے جاں بحق ہو گیا۔ گوجرانوالہ شہر اور گردونواح میں مون سون کی پہلی بارش نے تباہی مچا دی بجلی کے پولز گر گئے۔ کئی گھروں کی چھتیں اور دیواریں مسمار ہو گئیں۔ کئی گھنٹے بجلی بند رہی اور سیوریج کاپانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ تیز بارش کے باعث نظام زندگی بری طرح مفلوج ہو گیا گاڑیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر پھنس گئیں۔ منڈی بہاؤالدین میں بھی بارش ہوئی۔ فیصل آباد میں زیرتعمیر مکان اور خستہ گھر کی چھت گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نئے آج سے اتوار کے روز تک ملک کے مختلف علاقوں میںبارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرنوالہ، لاہور ڈویژن میںکہیںکہیں بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مالا کنڈ، ہزارہ ڈویژن، مردان اور کشمیر میں کہیںکہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ پشاور، کوہاٹ بنوں، ڈی آئی جی خان ڈویژن میںچند مقامات پر بارش کا امکان ہے محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان ڈی جی خان بہاولپور میںبارش ہو گی جبکہ میر پور خاص ڈویژن، فاٹا، گلگت بلتستان میںبھی بارش متوقع ہے۔