اسلام آباد (صباح نیوز)رشکئی اقتصادی زون کیلئے 2 ہزارایکڑ اراضی حاصل کر لی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ(سی پیک)کے تحت خیبرپی کے کے ضلع نوشہرہ میں واقع رشکئی اقتصادی زون پر کام تیزی سے جاری ہے، رشکئی اقتصادی زون(ایم ون نوشہرہ) کیلئے 2000 ایکڑ اراضی حاصل کی جاچکی ہے۔صنعتی بستی کے قیام کیلئے اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ وزارت منصوبہ بندی میں قائم سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام نے بتایا کہ اقتصادی زون میں پھلوں ‘اشیائے خوراک کی پیکجنگ،ٹیکسٹائیل سٹچنگ و نیٹنگ اوردیگر متعلقہ صنعتوں کے قیام اوران کے لئے سہولیات پر توجہ دی جائے گی۔رشکئی اقتصادی زون کی علاقائی و جغراقیائی اہمیت پر روشنی ڈالتے انہوں نے کہاکہ اس صنعتی بستی سے ائیرپورٹ کا فاصلہ 65کلومیٹر، ڈرائی پورٹ 65 کلومیٹر، ریلوے سٹیشن 25کلومیٹر، سٹی سینٹر15 کلومیٹر، ہائی وے 5کلومیٹر اورموٹروے بالکل متصل ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں صنعتی بستی کے قیام کی تجویز صوبائی حکومت کی طرف سے آئی تھی اور اس میں وفاقی حکومت کی طرف سے کوئی مداخلت نہیں کی گئی ۔ اس مرحلہ میں ملک کے چاروں صوبوں گلگت بلتستان فاٹا اور آزاد کشمیر میں مجموعی طورپر 9 صنعتی زونز بنائیں جائیں گے ۔
سی پیک منصوبہ: رشکئی اقتصادی زون کیلئے 2ہزارایکڑ اراضی حاصل کر لی گئی
Jul 18, 2018