لاہور کے 711 پولنگ سٹیشن حساس قرار، فوج کے 20 سے 25 جوان تعینات کئے جائیں گے

لاہور(صباح نیوز)صوبائی دارالحکومت کے711 پولنگ سٹیشن حساس قرار دیئے گئے ہیں اور ہرحساس پولنگ سٹیشن پر فوج کے 20 سے 25 جوان تعینات ہوں گے۔عام انتخابات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر لاہور عابد قریشی کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں پاکستان آرمی کے بریگیڈئرعامر، پولیس افسران اور ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی کے افسران نے شرکت کی۔بریگیڈئیرعامر نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اے کیٹگری کے711 پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا، تمام پولنگ سٹیشنز کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے ، ہر پولنگ سٹیشن پر فوج کے 4 جوان تعینات ہوں گے، صورتحال کے مطابق جوانوں کی تعداد کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے، حساس پولنگ سٹیشنز پر فوج کے20 سے 25 جوان تعینات ہوں گے۔پولیس کی جانب سے ڈی آر او کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کلوز سرکٹ کیمروں کے ذریعے سکیورٹی کو یقینی بنایا جائیگا، پولنگ سٹیشنز میں مجموعی طور پر 2 ہزار686 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گی۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسرکے نمائندے نے بتایا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کیخلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے ہدایت کی کہ پولنگ سٹیشنز میں ایمرجنسی لائٹس اور پنکھوں کا بندوبست کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کے علاوہ انتخابی عملے کے کسی افسر کو موبائل لانے کی اجازت نہیں ہو گی، ریٹرننگ افسران اپنے ماتحت عملے سے رابطے کے لئے ان کا ایڈریس اور لینڈ لائن نمبر پاس رکھیں۔

ای پیپر دی نیشن