اسلام آباد (عترت جعفری) پیپلز پارٹی نے مدتوں بعد جی ٹی روڈ ’’پاور شو‘‘ کا آغاز کیا ہے۔ ’’پاور شو‘‘ کا آغاز بارہ کہو اسلام آباد سے ہوا اور اختتام 19 جولائی کو لاہور میں ہو گا۔ بلاول بھٹو زرداری کے لئے ’جی ٹی روڈ‘ سفر کے لئے خصوصی طور پر تیار کردہ ٹرک منگوایا گیا۔ یہ وہی ٹرک ہے جو بلاول بھٹو زرداری کی والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو استعمال کرتی تھیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے ’’زرداری ہاؤس‘‘ اسلام آباد سے ریلی کا آغاز کیا اور بارہ کہو گئے جہاں این اے 53 سے پی پی پی کے امیدوار سبط الحیدر اپنے الیکشن آفس میں کارکنوں کی بھاری تعداد کے ساتھ موجود تھے۔ بارہ کہو پی پی سٹی کے صدر افتخارشہزادہ کی قیادت میں جی ایٹ مرکز سے گاڑیوں‘ موٹر سائیکلوں کی ریلی پہنچی تھی جبکہ مختلف علاقوں سے بھی جلوس بارہ کہو آئے۔ بارہ کہو پہنچنے پر بلاول بھٹو پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں بعدازاں بلاول بھٹو زرداری کی درجنوں گاڑیوں پر مشتمل ریلی فیض آباد گئی۔ فیض آباد سے روات تک کئی مقامات پر بلاول بھٹو زرداری کا استقبال ہوا جبکہ روات میں بہت بڑا اجتماع موجود تھا۔ بلاول بھٹو زرداری نے روات کے اجتماع سے متاثر ہو کر کہا کہ وہ شاندار استقبال کو کبھی نہیں بھول سکیں گے۔ کئی مقامات پر جیالوں نے کرنسی نوٹ بھی بلاول بھٹو زرداری پر نچھاور کئے۔ بلاول نے جی ٹی روڈ ریلی کو ’’کاروان جمہوریت‘‘ قرار دیا۔ سیکورٹی خطرات کے باوجود بلاول بھٹو زرداری آئندہ تین روز تک جی ٹی روڈ پر رہیں گے اور پارٹی مہم کی قیادت کریں گے۔