25 جولائی کو پیپلز پارٹی کا سورج غروب ہو جائے گا: پیر پگارو

Jul 18, 2018

سانگھڑ/ کھپرو/ عمر کوٹ (اشفاق بھٹی/ منظور قائم خانی/ احمد خان آفریدی) سندھ میں زرعی پانی کا بحران ہے اور اس کی ذمہ دار پیپلز پارٹی کی سابق حکومت ہے جس سے چھٹکارا حاصل کر کے سندھ کو خوشحالی کی طرف گامزن کریں گے ان خیالات کا اظہار حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارو نے سانگھڑ کے قریب جی ڈی اے کے پی ایس 46 کے امیدوار خلیفہ وریام فقیر خاصخیلی کی دعوت پر نواحی گاؤں اوڈ میں اپنے مریدوں عقیدت مندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ سندھ کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہو تو جی ڈی اے کے نامزد امیدواروں کو کامیاب کرو‘ پی پی 2013ء کے الیکشن میں دھاندلی سے کامیاب ہوئی تھی۔ کھپرو سے نامہ نگار کے مطابق گاؤں قاضی فیض محمد راجڑ میں حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارو المعروف راجہ سائیں نے اپنے مریدوں کو زیارت کرائی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی کو پیپلز پارٹی کا سورج غروب ہو جائے گا پیپلز پارٹی اب آخری سانس لے رہی ہے انہوں نے اپنے مریدوں کو کہاکہ 25 جولائی کو جی ڈی اے کے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کریں۔ پیر صاحب پگارو کے ساتھ پیر صدر الدین شاہ راشدی خلیفہ حر جماعت اور جی ڈی اے سندھ کے امیدواروں کے علاوہ معززین بھی تھے۔ پیر صاحب پگارو نے کھپرو کی مختلف برادریوں کے لوگوں سے ملاقات کی جن میں علیم الدیں قائم خانی‘ جہانزیب قائم خانی بھی شامل تھے جس کے بعد پیر صاحب پگارو نے ہنگورجو برادری کے معزز احمد علی ہنگورجو کی چائے پارٹی میں شرکت کی اور عمرکوٹ روانہ ہو گئے۔

مزیدخبریں