لاہور ( نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میںاعلی سطح کا اجلاس منعقدہوا، تین گھنٹے طویل اجلاس میں پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ ، سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، بورڈ آف ریونیو، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، پی ڈی ایم اے، صنعت اورزراعت کے محکموں کی کا رکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ عملی اقدامات کر کے عوام کو سہولتیں فراہم کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10برس کے دوران نمود ونمائش کے منصوبوں پر اربوں روپے کے قومی وسائل ضائع کیے گئے اورعوام کی بنیادی ضروریات کو یکسر نظر انداز کر کے مجرمانہ غفلت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ ادارے ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے دریاؤں کے پانی کی گزرگاہوں سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ممکنہ سیلاب کے حوالے سے تمام احتیاطی تدابیر اوراقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے سیالکوٹ میں جدید ریڈار نصب کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پی ڈی ایم اے کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ نئے اراضی سینٹرز کے فنکشنل ہونے سے روزگار کے مواقع ملیںگے اورعوام کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ دوردراز علاقوں میں ڈاکٹرز کی کمی کو دورکرنے کیلئے میرٹ پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔ ادویات کی خریداری کے نظام کو فول پروف بنائیںگے۔ ہیپاٹائٹس کی بیماری کی روک تھام کیلئے بار برشاپس پر صرف ڈسپوزیبل ریزراستعمال کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں ایمرجنسیزکو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 100ٹی ایچ کیوز ہسپتالوں کی ایمرجنسیز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ حکومت لاہور میں سیوریج نظام کی بہتری کیلئے 14ارب روپے کی لاگت سے نیا منصوبہ شروع کر رہی ہے۔ لاہور کی سڑکوں کے پیچ ورک اورسٹریٹ لائٹس کو درست کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔ عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ فلو ر ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کے دوران آٹے کی قیمت نہ بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آٹے کی قلت ہو گی، نہ قیمت میں اضافہ کریں گے -آٹے کی قیمت نہ بڑھنے سے روٹی کے نرخ بھی نہیں بڑھیں گے، فلو ر ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے ٹیکس کا مسئلہ حل کرانے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعلی عثمان بزدار نے ٹیکس کے نفاذ کے بارے میں ہمارا موقف بہترین انداز میں وفاقی حکومت تک پہنچایا۔ وفد نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے جذبے اور کاوشوں کو سراہتے ہیں او رہم عوام کو ریلیف دینے کی کاوشوں میں آپ کے شانہ بشانہ چلیں گے۔ وفد میں فلو ر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حبیب خان لغاری، ممبر عاصم رضا، سابق چیئرمین میاں ریاض ، سینئرنائب صدر حافظ احمد اور سابق چیئرمین چودھری افتخار شامل تھے۔ صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری صنعت ، سیکرٹری اطلاعات اور ڈائریکٹر فوڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کوٹ عبدالمالک اور کاہنہ میں چھتیں گرنے اور ساہیوال کے علاقے قطب شہانہ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عوام کی زندگیاں آسان بنائینگے‘ ادارے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر چوکس رہیں: عثمان بزدار
Jul 18, 2019