شاہد خاقان عباسی کو ایک بھونڈے طریقے سے گرفتار کیا گیا ،عمران خان کو یہ سودا بہت مہنگا پڑے گا: شہباز شریف

Jul 18, 2019 | 22:25

ویب ڈیسک

پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے شاہد خاقان عباسی کو ایک بھونڈے طریقے سے گرفتار کیا گیا اور یہ گرفتاری حکومت اور نیب کی ملی بھگت ہے، عمران خان کو یہ سودا بہت مہنگا پڑے گا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج عمران نیازی اور نیب کی ملی بھگت سے مسلم لیگ(ن)کی قیادت پر بھرپور وار ہوا ہے، آج ایک بھونڈے طریقے سے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرنے کے لیے نیب کے پاس وارنٹ نہیں تھے، ڈی جی نیب نے انہیں پہلے واٹس ایپ پیغام دکھایا جبکہ پھر انہیں وارنٹ گرفتاری کی کاپی دکھا کر حراست میں لیا گیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ وہ تماشا ہے جو عمران خان اور نیب کی ملی بھگت سے لگا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ عمران خان نے 11 ماہ میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا اور اس تباہ شدہ معیشت کے جنازے کو ان گرفتاریوں کے پیچھے چھپانا چاہتے ہیں، جبکہ ظلم و زیادتی کرکے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔شاہد خاقان عباسی کے بارے میں مختصر بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں 5 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ لگایا جبکہ گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں شاہد خاقان کا کلیدی کردار ہے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اس ملک کے غریب عوام کا دکھ درد تھا اور ہے، اسی کو دیکھتے ہوئے گیس کی قیمتوں میں نچلی سطح پر اضافہ نہیں کیا اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن نہیں لی گئی۔مسلم لیگ(ن)کے صدر نے مزید کہا کہ شاہد خاقان کا قصور کیا ہے کہ وہ نواز شریف کا ساتھی ہے اور دلیر آدمی ہے جو سمجھوتہ نہیں کرتا۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بجٹ میں عوام پر ٹیکسز کا کلہاڑا چلایا، چند دن پہلے ہونے والی تاجروں، سرمایہ کاروں نے ہڑتال کی، 71 سال تاریخ میں ایسے ٹیکسز کبھی نہیں لگائے گئے جو انہوں نے لگائے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے دنیا میں پاکستان کو بدنام کردیا، یہاں کون آکر سرمایہ کاری کرے گا، معیشت، کسان کا بیڑہ غرق کردیا گیا، روٹی کی قیمت 15 سے 20 روپے تک پہنچ گئی ہے، غریب کے لیے جینا مشکل ہوگیا ہے۔پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان تمام وجوہات اور بدترین غفلت کا غصہ مسلم لیگ(ن) پر گر رہا ہے اور نیب کی جیلوں اور عقوبت خانوں میں جو لوگ بند ہیں اس میں اکثریت مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی ہے جبکہ دوسرا نمبر پیپلزپارٹی کا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ اربوں، کھربوں کی کرپشن کے کیسز نیب کے پاس پڑے ہیں لیکن ان پر کوئی کارروائی نہیں ہوتی کیونکہ وہ حکومت وقت کے کیس ہیں، اس کی ایک مثال بس ریپڈ ٹرانسپورٹ (بی آر ٹی) پشاور ہے۔لیگی صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کو برباد کردیا لیکن وقت آئے گا کہ قوم آپ سے اس کا حساب لے گی، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہم نے نواز شریف کی قیادت میں خدمت کی، غلطیاں ہم سے بھی ہوئی ہوں گی کیونکہ ہم بھی انسان ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب اور عمران خان کا چولی دامن کا ساتھ ہے، اگر ایسا نہیں ہوتا تو میگا کرپشن کے کیسز کے باوجود نیب سویا ہوا نہیں ہوتا، تاہم ہمیں صرف ایک بات کی سزا مل رہی جسے ہم نے بھگتا ہے اور بھگتیں گے لیکن عمران خان کو یہ سودا بہت مہنگا پڑے گا۔اپنی پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل میں ان سے متعلق شائع ہونے والی خبر پر بھی بات چیت کی۔شہباز شریف نے کا کہنا تھا کہ زلزلہ زدگان کی رقوم کے حوالے سے بدترین الزام لگایا گیا اور عمران خان نیازی نے مجھ پر اپنے ساتھیوں کے ذریعے وار کیا،  لیگی صدر نے کہا کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے زلزلہ زدگان اور ایرا سے متعلق مجھ پر الزام لگایا، اگر اس میں میری کرپشن تھی تو نیب اور عمران خان کو آشیانہ اور گندے نالوں کے کیس کی کیا ضرورت تھی، سیدھا سیدھا اس میں گرفتار کرلیتے۔انہوں نے کہا کہ جب ان لوگوں نے دیکھا کہ معاملہ خراب ہوگیا تو انہوں نے یہ روپ اختیار کیا اور زلزلہ زدگان کا مال ہڑپنے کا بہت گھنانا الزام لگایا گیا اور برطانوی اخبار میں جھوٹی خبر شائع کرائی گئی جس پر لندن کی عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

مزیدخبریں