کراچی ( کامرس رپورٹر) گزشتہ مالی سال کے دوران ٹریکٹرز کی پیداوار میں 34.65 فیصد کمی ہوئی ہے۔ پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچرز ایسوسی ایشن (پاما) کے تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے دوران ٹریکٹروں کی پیداوار 32 ہزار 608 یونٹس تک کم ہو گئی جبکہ مالی سال 2018-19ء کے دوران پیداوار کا حجم 49 ہزار 902 یونٹس رہا تھا۔اس طرح مالی سال 2018-19ء کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال کے دوران ٹریکٹرز کی ملکی پیداوار میں 17 ہزار 294 یونٹس یعنی 34.65 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسی طرح ٹرکوں کی پیداوار بھی 51.20 فیصد کی کمی سے 6 ہزار 35 یونٹس کے مقابلہ میں 2 ہزار 945 یونٹس تک ہوگئی ہے۔ پاما کے مطابق گزشتہ مالی سال میں بسوں کی پیداور بھی 41.73 فیصد کمی ہو گئی اور پیداوار کا حجم 913 یونٹس کے مقابلہ میں 532 یونٹس تک کم ہوا ہے۔پاما کے مطابق پک اپ گاڑیوں کی پیداوار میں بھی 50.64 فیصد کمی واقع ہوئی اور پیداوار 24 ہزار 453 یونٹس کے مقابلہ میں 12 ہزار 68 یونٹس تک کم ہوا ہے۔ مزید برآں مالی سال 2019ء کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2020ء کے دوران ہلکی کمرشل گاڑیوں، ویگنوں اور جیپوں کی پیداوار میں بھی 52.63 فیصد کی کمی واقع ہونے سے پیداوار کا حجم 7 ہزار 525 یونٹس کے مقابلہ میں 3 ہزار 564 یونٹس تک کم ہو گیا ہے۔ پاما کے مطابق کاروں اور موٹر سائیکلز کی پیداور میں بھی دوران سال بالترتیب 54.92 فیصد اور 23.12 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔