باجوڑ (نوائے وقت رپورٹ) پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے پاکستانی علاقے پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں تین پاکستانی شہری شہید جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں دو فوجی جوان بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کی سرزمین سے ایک مرتبہ پھر پاکستانی علاقے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ خیبر پی کے کے قبائلی ضلع باجوڑ میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں تین شہری شہید ہو گئے جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔ سرحد پار فائرنگ سے 2 فوجی جوان بھی زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ خیال رہے اس سے قبل بھی افغانستان کی سرحد سے پاکستانی علاقوں پر فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہے ہیں جس میں پاک فوج کی چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ یاد رہے رواں سال جنوری میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے پاکستانی علاقے میں راکٹ حملہ کیا گیا تھا‘ تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔