ڈی جی خان کا دورہ، سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے فیتے کاٹے گئے، غلط روایت ختم کی: عثمان بزدار

Jul 18, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں ارکان اسمبلی، عمائدین، کارکنوں اور شہریوں نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے بلوچی زبان میں حال احوال پوچھا۔ لوگوں کے مسائل سنے، درخواستیں وصول کیں اور موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ منتخب نمائندوں، عمائدین اورکارکنوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے افسروں کی تعیناتی پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر شہر جاؤں گا، عام لوگوں سے ملکر زمینی حقائق سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔ میرا اپنے عوام سے مسلسل رابطہ ہے اور یہ تعلق پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ ہم محنت اور اخلاص کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔ ان عناصر کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ میں عوام سے ہوں اور عوام کی خدمت کیلئے جان بھی حاضر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے فیتے کاٹے گئے۔ ہماری حکومت نے اس غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے۔ جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے مختص فنڈز کسی اور مقصد کیلئے ا ستعمال نہیں ہوں گے۔ جنوبی پنجاب کی ترقی کو سابق دور میں بری طرح نظر انداز کیا گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار جنوبی پنجاب کو اس کا حق دیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔ کسی کرپٹ اہلکار کو برداشت نہیں کروں گا۔ پولیس اور انتظامی افسران کو فری ہینڈ دیا ہے۔ پنجاب میں میرٹ کو یقینی بنایا ہے۔ فلاح عامہ کے منصوبوں میں کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان سے ملتان پہنچے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ملتان ائیرپورٹ پراجلاس میں ملتان کے ترقیاتی پیکیج اور امن عامہ سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوچکا ہے۔ ملتان ڈویژن کیلئے رواں مالی سال کے بجٹ میں خصوصی فنڈز رکھے گئے ہیں۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو اپنے کام کیلئے لاہور نہیں آنا پڑے گا۔ منصوبوں پر خرچ کی جانے والی رقم کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے قومی وسائل میں کسی کو خیانت نہیں کرنے دیں گے۔

مزیدخبریں