حکومت‘ بڑی اپوزیشن پارٹیاں ایک در کے فقیر‘ ایجنڈا بھی ایک ہے: سراج الحق

Jul 18, 2020

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت عوام سے کیا گیا کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کرسکی۔ پاکستان کو اس کی نظریاتی شناخت سے محروم کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ حکومت اور بڑی اپوزیشن پارٹیوں کا ایک ہی ایجنڈا ہے اور یہ سب ایک ہی در کے فقیر ہیں۔ پیپلز پارٹی صوبائی حکومت بچانے اور مسلم لیگ (ن) گرفتاریوں سے بچنے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہیں۔ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے کے تمام وعدے نقش بر آب ثابت ہوئے ہیں۔ مدینہ کی ریاست کا دعویٰ کرنے والوں نے عوام کو مصائب اور مسائل کے گرداب میں دھکیل دیا ہے۔ نااہل حکمرانوں نے قومی ادارے تباہ کردیئے۔ پی آئی اے، ریلوے اور سٹیل ملز سمیت بڑے بڑے اداروں پر برائے فروخت کے بورڈ لگائے جارہے ہیں۔ تمام معاشی فیصلے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کررہے ہیں۔ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے آئی ایم ایف کے مطالبات پورے کئے گئے۔ کشمیر کے مسئلہ پر حکومت چپ سادھے بیٹھی ہے۔ بھارتی فوج روزانہ نوجوانوں اور بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے مگر ہمارے حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کررہی ہے۔ حقیقی اپوزیشن ہم ہیں اور ہمارے پاس ہی تبدیلی کا اصل ایجنڈا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جندول لوئر دیر میںشمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی میں شمولیت کرنے والوں کا خیر مقدم کیا اور ان کیلئے استقامت کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ سئلہ کشمیر کا حل خود دار حکومت کے قیام کے بغیر ممکن نہیں۔ جلسہ سے ڈاکٹر سربلندخان نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں