احتساب سب کیلئے پالیسی بدعنوانوں کیلئے خوف کی علامت :ترجمان نیب  

Jul 18, 2021

اسلام آباد (نا مہ نگار) ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ جسٹس جاوید اقبال نے بطور چیئرمین نیب منصب سنبھالنے کے بعد نیب میں متعدد اصلاحات متعارف کروائیں جنکی بدولت نیب کی مجموعی کارکردگی میں ماضی کے 17سالہ دور کی نسبت ریکارڈاضافہ ہواکرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا شاخسانہ تھا کہ جسٹس جاوید اقبال کے اکتوبر 2017 سے تاحال (ساڑھے 3سالہ دور میں)نیب کرپٹ عناصر سے 533 ارب روپے بلواسطہ و بلاواسطہ ریکور کرواچکا ہے۔ جبکہ نیب کے قیام سے 2016تک کے 17سالہ دور میں نیب کل 287ارب روپے ریکور کروا پایا تھا۔نیب ترجمان کے مطابق نیب کو اپنے قیام سے مارچ 2021تک کل 4لاکھ 87ہزار 9سو 64شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 4لاکھ 79ہزار 6سو 85شکایات کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا چکا ہے، نیب نے اپنے قیام 1999سے مارچ 2021تک کل 10ہزار 41انکوائریوں کا آغاز کیا جن میں سے 9ہزار 1سو 14انکوائریوں کو مکمل کر لیا گیا،نیب اس وقت کل 927انکوائریوں میں تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔ترجمان کے مطابق 21سالوں کے دوران نیب میں کل 4ہزار 5سو 98انویسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی جن میں سے 4ہزار 2سو 87انویسٹی گیشنز کو مکمل کر لیا گیا تاہم فی الوقت نیب میں کل 311انویسٹی گیشنز جاری ہیں۔ نیب کیجانب سے معزز احتساب عدالتوں میں 1999سے رواں سال مارچ تک کل 3682ریفرنسز دائر کئے گئے جن میں سے 2413ریفرنسز پر فیصلے بھی صادر کروالئے گئے۔نیب ترجمان کے مطابق فی الوقت 1300ارب مالیت پر مشتمل 1273مقدمات کے ریفرنسز معزز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، ترجمان کے مطابق پاکستان اور چائنہ نے بدعنوانی کے تدارک کیلئے باہمی طور پر ایم او یو (MoU)  پر بھی دستخط کئے ہیں جسکی بدولت CPECمنصوبہ جات میں شفافیت پر مبنی کام کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے نیب میں دائر ہونیوالی ہر شکایت کو ایک مخصوص نمبر الاٹ کروانے کیلئے "ایم ای ایس سسٹم" بھی متعارف کروایا۔اس سسٹم کے تحت آج تک نیب میں موصول ہر شکایت کو ایک کلک کی مدد سے ناصرف تلاش کیا جا سکتا ہے بلکہ اس پر ہونیوالی مکمل کاروائی کا ریکارڈ بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی "احتساب سب کیلئے" کی پالیسی بدعنوان عناصر کیلئے خوف کی علامت کی طور پر ظاہر ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گیلانی و گیلپ سروے کیمطابق پاکستان کی 59فیصد عوام نے نیب اور نیب کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں