سی پیک سے پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی آئی :عاصم سلیم باجوہ

Jul 18, 2021

اسلام آباد(شِنہوا)چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی لاتے ہوئے عوام کے ذریعہ معاش کو بہتربنارہا ہے۔شِنہوا کو دئے گئے ایک انٹرویو میں عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں تعمیر کئے جانے والے منصوبے روزگار کے مواقع پیدا کرنے،مقامی افراد کے لئے سماجی معاشی فوائد میں اضافے اور غریب عوام کو غربت سے نکالنے میں مدد فراہم کررہے ہیں۔سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک  پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔  پہلے مرحلے سے ملک میں توانائی اور مواصلات کے بنیادی ڈھانچے میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے اثرات  پہلے مرحلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوں گے اور یہ کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان اور چین کے نجی شعبوں کو مربوط کرے گا، مزید نجی سرمایہ کاری لائے گا، زراعت ،سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا اور خصوصی معاشی زون کے قیام سے صنعتی دور کا آغاز ہوگا۔عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ قومی معیشت کو فروغ دینے اور علاقائی روابط  اور تجارت کو بڑھانے کے لئے سی پیک کے تحت زیر تعمیر پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت کی گوادر بندرگاہ کو شاہرات کے بہتر انفراسٹرکچر کے ذریعے ملک کے باقی حصوں سے منسلک کیا جارہا ہے۔

مزیدخبریں