پاکستان درست سمت میں گامزن ، ’’میک ان پاکستان ‘‘توجہ کا مرکز: عبدالرزاق دائود

Jul 18, 2021

سیالکوٹ(نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت، پیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ پاکستان درست سمت میں گامزن ہے اور ’’میک ان پاکستان‘‘ ہماری توجہ کا مرکز ہے ، صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے خام مال و دیگراشیا کی 4ہزار ٹیرف لائنوں پر کسٹم ڈیوٹی کو ختم کر دیا جوتمام ٹیرف لائنوں کا 54فیصد بنتا ہے ۔ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے شیخ محمد شفیع ہال میں مقامی صنعتکاروں، برآمد کنندگان اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں کہا کہ علاقائی تجارت میں پاکستان کا حصہ تقریباپانچ فیصدہے جو ملک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے جبکہ یورپی ممالک باہمی تجارت90 فیصد سے زیادہ ہے۔ انہوں نے زوردیا کہ وہ علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے آگے آئیں اور اپنا فعال کردار ادا کریں۔عبد الرزاق داؤد نے سیالکوٹ کو برآمدات کے حوالے سے پاکستان کا سب سے اہم شہر قرار دیتے ہوئے سیالکوٹ کو قومی برآمدات میں حالیہ اضافے میں کلیدی کردار پر مبارکباد دی۔

مزیدخبریں