لاہور( سٹی رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال کی گزشتہ مالی سال کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں 15,48,752مریضوں کو بغیر پرچی فیس معیاری طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔اس حوالے سے ان کاکہنا تھا کہ کرونا کی صورتحال کی وجہ سے نا مساعد حالات کے باجود ڈاکٹر،نرسز اور پیرا میڈیکس نے دکھی انسانیت کی خدمت بھرپور پیشہ وارانہ لگن اور سخت محنت کے ساتھ اپنی جانوں کو خطرات میں ڈال کرجاری رکھی جسے کسی طور بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر عبدالرزاق،فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر عبدالعزیز و انتظامی ڈاکٹرزبھی موجود تھے۔پروفیسر الفرید ظفر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ عید الضحیٰ پر کرونا کی چوتھی لہر کو پیش نظر رکھتے ہوئے اور خاص طور پر بھارتی ڈیلٹا کی وبا سے محفوظ رہنے کے لئے پہلے سے زیادہ ذمہ داری کے ساتھ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔