گوجرانوالہ : خالی یوٹیلٹی سٹور خریداروں کا منہ چڑانے لگے،اکثر اشیاء ختم

Jul 18, 2022

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) شہر کے خالی یوٹیلیٹی سٹور شہریوں کا منہ چڑانے لگے ، سپلائی  نہ ہونے کا بہانہ بنا کر یوٹیلیٹی سٹور اہلکارشہریوں کے چکر لگوانے لگے ،  چینی،گھی آٹے سمیت اکثر سبسڈائز اشیا کی قلت ، شہری سراپا احتجاج  بن گئے ،  بتایا گیا ہے کہ  وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹور ز کی تعداد میں اضافے کا منصوبہ بنا رکھا ہے لیکن گوجرانوالہ میں کئی میل تک یوٹیلیٹی سٹور نہ ہونے سے شہری دور دراز کے علاقوں میں قائم یوٹیلیٹی سٹورز سے سستی اشیا کے لئے خوار ہو رہے ہیں شہر میں قائم یوٹیلیٹی سٹورز میں سپلائی اور عید کی چھٹیوں کا بہانہ بنا کر خریداری کے لیے آنے شہریوں کا استحصال کیا جا رہا ہے یوٹیلیٹی سٹورز سے چینی ، آٹا، کوکنگ آئل ، تمام تر دالیں ، مصالحوں اور دیگر سبسڈائز اشیا کے ریک مکمل خالی  ملتے ہیں ۔ شہریوں نے اہلکاران پر من پسند افراد کو نوازنے کا بھی انکشاف کیا ۔ انہوں نے حکومت ، کمشنر گوجرانوالہ ، ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی  ۔

مزیدخبریں