لاڑکانہ/ حیدرآباد/ سکھر(بیورورپورٹ) حیدرآباد میں نوجوان بلال کاکا کے قتل کے واقعے کے بعد سندھ کے مختلف شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی کشیدہ صورتحال کے باعث پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرتے ہوئے احتجاج کرکے کشیدگی اور انتشار پھیلانے پر 13 سے زائد افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب قوم پرست جماعت کی جانب سے سندھ میں افغانیوں کے خلاف سندھ سبھا کے کارکنان اور دیگر قومپرست جماعتوں کی جانب سے جناح باغ چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ کارکنان نے افغانیوں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے جناع باغ چوک پر ہوٹلز بند کروا دیئے، کارکنان کے احتجاج کے دوران پولیس کی نفری بھی موجود رہی۔ حیدرآباد‘ سکھر سمیت دیگر شہروں میں بھی واقعے کی آڑ میں مظاہروں کے دوران عام شہریوں سے لوٹ مار اور ان کی گاڑیوں کو جلانے کے واقعات کی اطلاعات ملی ہیں جلائو گھیرائو کی سیاست سے سندھ کا امن تباہ ہوگیا۔