سندھ حکومت دانستہ لسانیت پھیلارہی ہے‘ جے یو آئی

لاڑکانہ(بیورورپورٹ) جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو اور ضلعی امیر مولانا ناصر خالد محمود سومرو نے سندھ میں جاری کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے لوگ پرامن رہیں، شرپسند امن کے دشمن ہیں، سازش کے تحت خون خرابہ کرنا عقلمندی نہیں ہے، حالیہ واقعے کی تحقیقات ہونی چاہئیں اور انصاف کا بول بالا ہونا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی مجرمانہ خاموشی غفلت کی وجہ سے امن امان کی صورتحال کشیدہ ہوتی جا رہی ہے، سندھ کے حکمران بتائیں کہ 3 یا 4 دنوں سے جاری یہ کشیدگی ان کو نظر بھی آرہی ہے یا نہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خاموشی افسوسناک عمل ہے، ایسے لگ رہا ہے کہ سندھ حکومت جان بوجھ کر سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلئے حالات کے مزید  خراب ہونے کی خواہاں ہے، ایک سازش کے تحت سندھ میں پٹھان سندھی فساد کرانے کی سازش کی جا رہی ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں، انہوں نے مزید کہا کہ جمیعت علماء اسلام کسی بھی لسانیت، عصبیت فرقہ واریت، قومیت کے بنیاد پر جھگڑے فتنہ فساد کی اجازت نہیں دے گی، اگر بروقت کسی بھی جرم کا مجرم قانون کی گرفت میں آجاتا اور اسکیردعمل میں شرپسندی کو کنٹرول کیا جاتا تو حالات کشیدہ نہ ہوتے، سندھ امن محبت پیار رواداری کی دھرتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن