لاہور( این این آئی)چیئر مین آل پارٹیز ٹاسک فورس برائے کشمیر ، گرینڈ اوورسیز کلب کے چیئر مین وسابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرورنے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کوپارلیمنٹ میں نمائندگی ملنے تک پارلیمنٹ اور جمہوریت نامکمل ہے، اربوں کا زرمبادلہ بھیجنے والوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی اور سیاسی مفادا ت سے بالاتر ہو کر اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور تمام حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ آسانیاں اور سہولت پیدا کریں ۔ وہ دورہ بر طانیہ کے دوران سلاو میں سابق لیڈر آف دی سلاو بارو کونسل اور صدر گرینڈ اوورسیز کلب ساتھ ایسٹ لندن سہیل منور کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ گرینڈ اوورسیز کلب تنظیم میری سربراہی میں ایک مکمل غیر سیاسی تنظیم ہے جو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کی مدد اور راہنمائی کرے گی اوورسیز کیمونٹی میرے جسم و جان کا حصہ ہے ان سے میں ہوں اور وہ مجھ سے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کو آبادی کے تناسب سے پاکستان کی قومی اسمبلی میں14سیٹیں ملنی چاہیے یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اوورسیز پاکستانیوں کو آبادی کے تناسب سے قومی اسمبلی سیمت تمام صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی ملنے کے حق میں ہیں۔چیئر مین گرینڈ اوورسیز کلب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے اوورسیز پاکستانیوں کا مثبت کردار پاکستان کو معاشی طور پر بہت فائدہ دے سکتا ہے اوورسیز پاکستانیوں نے اربوں کا زرمبادلہ بھجنے کے ساتھ ساتھ اربوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پر ہمیں مل کر بلا تفریق سیاسی تقسیم کے کام کرنا ہو گامیں نے بطور گورنر بھی اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو تر جیحی بنیادوں پر حل کیا ہے اور بھی اوورسیز پاکستانیوں کیساتھ کھڑا ہوں ۔ چوہدری محمدسرو ر نے کشمیری حر یت لیڈر یاسین ملک کے حوالے سے اوورسیز پاکستانیوں سے ان کے حق میں آواز بلند کرنے کی ایپل کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کی سزا انصاف کے بنیادی اصولوں کے مکمل خلاف ہے زیادہ سے زیادہ لوگ یاسین ملک کے حق میں پٹیشن پر دستخط کریں ہم اس مسئلہ کو تمام عالمی فورمز پر لے کر جائیں گے ۔
چوہدری سرور