آزادانہ معاشی فیصلے کرنے کیلئے مالیاتی استحکام ناگزیر ہے،صدر مملکت

Jul 18, 2022

اسلام آباد(نا مہ نگار)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آزادانہ معاشی اور مالیاتی فیصلے کرنے کے لیے معاشی اور مالیاتی استحکام ناگزیر ہے، ملک میں نوجوانوں اور خواتین کو مختلف شعبوں بالخصوص انفارمیشن  اینڈکمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے مختصر اور خصوصی تربیتی کورسز کے ذریعے ہنر فراہم کر کے تیز رفتار اقتصادی ترقی کا ہدف حاصل کیاجا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈینٹیسٹ آف نارتھ امریکا(اے پی پی این اے)کے 45ویں سالانہ کنونشن سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت  نے کہا پاکستانی تارکین وطن کا بامعنی اور فعال کردار ہمارے کاروباری اور صنعتی شعبوں کی ترقی اور نوجوانوں اور خواتین کو ہنر فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہے تاکہ پاکستان کو خود کفالت حاصل کرنے میں مدد ملے جس سے ہمارا ملک لوگوں کی بہتری کیلئے آزادانہ سیاسی، مالی اور اقتصادی فیصلے کرنے کے قابل ہو گا۔  انہوں  نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ماضی میں پاکستان کے پاس اپنے اعلی تعلیم یافتہ، پیداواری اور قیمتی انسانی وسائل کو جذب کرنے کی صلاحیت نہیں تھی جس کے نتیجے میں وہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک  میں چلے گئے جہاں  انہوں نے میرٹ  اورقابلیت کے بل بوتے پر  اعلی مقام حاصل کیا اور اپنے میزبان ملک کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کیا۔مختلف شعبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے جہاں پاکستان کو ترقی کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا ہمیں آئی سی ٹی سیکٹر کو مزید مراعات فراہم کرنے اور اپنے نوجوانوں کو مارکیٹ کے قابل آئی سی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا پاکستان نے اپنی خارجہ پالیسی کارخ جیو سٹریٹجک سے جیو اکنامکس کی طرف موڑ دیا ہے اور وہ اپنے منفرد جغرافیائی محل وقوع کو بہترین طریقے سے استعمال کرتے ہوئے علاقائی تجارت اور روابط کو فروغ دے رہا ہے۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان پولرائزیشن اور کیمپ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا اور اپنے تمام بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تاریخی تعلقات ہیں اور پاکستان نے امریکا اور چین کو جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کے ساتھ تعاون کیا۔انہوں نے پاکستانی تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ افغانستان سے امریکی انخلا کے تناظر میں امریکا میں پاکستان کے بارے میں پائی جانے والی بدگمانیوں اور غلط فہمیوں کو دور کریں۔ انہوں نے پاکستانی تارکین وطن  پر زوردیا وہ بھارت کی طرف سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔  
صدر مملکت

مزیدخبریں