گال ٹیسٹ : بابراعظم کی شاندار سنچری ، پاکستان 218 رنز آوٹ

Jul 18, 2022

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں 218 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، قومی ٹیم کو پہلی اننگز میں 4 رنز کا خسارہ رہا‘ٹاپ آرڈر‘مڈل آرڈر ناکام رہا تاہم کپتان ایک اینڈ سے ڈٹے رہے ‘انہوںنے آخری وکٹ پر نسیم شاہ کیساتھ نہ صرف اپنی سنچری مکمل کی بلکہ پاکستان ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 119 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔اس سے قبل بابر اعظم  نے اپنی ففٹی مکمل کی تھی، انہوں نے 98 گیندوں پر ففٹی مکمل کی، جس میں 5 چوکے بھی شامل تھے یہ ان کے کیریئر کی 22ویں نصف سنچری ہے۔پاکستان کی طرف سے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، محمد رضوان آغا سلمان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، یاسر شاہ، حسن علی اور بابر اعظم شامل ہیں، جنہوں نے بالترتیب 13، 2، 3، 19، 5، 5، 18، 17، 119 رنز بنائے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کوئی رن سکور نہیں کر سکے‘نسیم شاہ پانچ رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔سری لنکا کی جانب سے 5 وکٹیں پربتھ جے سوریا، مہیش ٹھیکشانا اور رمیش مینڈس 2، 2 جبکہ کاسن راجیتھا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دوسرے روز کا کھیل آئوٹ فیلڈ گیلی ہوجانے کے سبب تاخیر کا شکار ہوا تھا۔سری لنکن ٹیم نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 36رنز بناکر مجموعی طورپر 40رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ آٹھ وکٹیں باقی ہیں ۔کپتان دیموتھ کرونا رتنے سولہ رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ اوشادا فرننڈو سترہ اور کاسن راجیتھا تین رنز بناکر موجود ہیں ۔ واحد وکٹ محمد نواز نے حاصل کی۔ پاکستان نے پہلے دن کھیل کے اختتام تک دو وکٹوںپر چوبیس رنز بنائے تھے ۔سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 222رنز پر آئوٹ ہوگئی تھی ۔ 

مزیدخبریں