مانچسٹر(نیوایجنسی)صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر و ممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمدیٰسین گزشتہ روز مانچسٹر ایئرپورٹ پر پہنچنے پر شاندار استقبال۔ بڑی تعداد میں پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے عہدیداران اور کارکنان استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھے جنہوں نے صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدریمحمدیٰسین پر گل پاشی کی اور انہیں ہارپہنائے اور ایک ریلی کی صورت میں ان کو استقبالیہ تقریب میں لے جایاگیا۔استقبال کے موقع پر چوہدری محمدیٰسین نے پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان کا ز بردست استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمدیٰسین نے کہا کہ کشمیری تارکین وطن کا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار رہا ہے ان کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے خدمات کو فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ عالمی سطح پر ہمیشہ ڈائس پورہ کا کردار اہمیت کا حامل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف رہا ہے۔ہمارا موقف رائے شمار ی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اصل فریق کشمیری ہیں اور مسئلہ کشمیرکاواحد حل حق خودارادیت ہے جو حق اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو دے رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء میں سلگتا ہوا آتش فشاں ہے جو کسی بھی وقت پھٹ کر نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے امن کو تباہ کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو کام بیس کیمپ کی حکومت کو کرنا چاہیے وہ تارکین وطن سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دورہ برطانیہ کے دوران برٹش پارلیمنٹرین سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندگان سے بھی ملاقات ہوگی ۔ جہاں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں سمیت مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے سب سے زیادہ ذمہ داریاں برطانیہ پرعائد ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ آج بھی دنیا کی ایک طاقتور آواز ہے۔برٹش پارلیمنٹرین کے سامنے حقائق رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں کشمیری تارکین وطن ایک مضبوط اور موثر آواز ہیں اور پاکستان کیلئے زرمبادلہ کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی تارکین وطن کے مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ جلد ہی پاکستان و آزادکشمیر میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت ہوگی۔