لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار+ علاقائی نمائندوں سے+ نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے 15 سیٹیں جیت کر میدان مار لیا جبکہ مسلم لیگ ن صرف 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کر سکی۔ ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہو گیا۔ اس طرح بظاہر چودھری پرویز الٰہی کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ فتح پر پی ٹی آئی کارکنوں نے جشن منایا‘ بھنگڑے ڈالے‘ آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ پی پی 168 لاہور سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک اسد کھوکھر جیت گئے۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے ملک اسد کھوکھر 25685 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے محمد نواز اعوان 15 ہزار 81 ووٹ لے سکے۔ پی پی 170 لاہور 26 سے ملک ظہیر عباس 24007 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ مسلم لیگ ن کے محمد امین ذوالقرنین 16766 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 158 لاہور سے پی ٹی آئی کے میاں اکرم عثمان 36888 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ رانا احسن 31447 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 167 لاہور سے پی ٹی آئی کے شبیر احمد 40175 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ مسلم لیگ ن کے نذیر احمد چوہان 26306 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 224 لودھراں اسے پی ٹی آئی کے محمد عامر اقبال شاہ 66201 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار 54890 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پی پی 228 لودھراں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار رفیع الدین بخاری 42 ہزار 719 ووٹ لے کر کامیاب رہے۔ پی ٹی آئی کے کیپٹن (ر) عزت جاوید 34 ہزار 635 ووٹ لے سکے۔ شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 140کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چوہدری خرم شہزاد ڈوگر ایڈووکیٹ 49734ووٹ حاصل کرکے فاتح قرار پائے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر میاں خالد محمود32812ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر اور تحریک لبیک پاکستان کے حاجی جاوید اقبال13290ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہے، پی ٹی آئی کی جیت پر پارٹی رہنمائوں اور کارکنان نے خوب جشن منایا ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ پی پی 282 لیہ 3 سے تحریک انصاف کے قیصر عباس مگسی نے 43922 ووٹ حاصل کر کے کامیابی سمیٹی۔ مسلم لیگ ن کے لالہ محمد طاہر رندھاوا 29715 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ ملتان سے سپیشل رپورٹر‘ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پی پی 217 میں پی ٹی آئی کے زین حسین قریشی نے میدان مار لیا ہے۔ انہوں نے 47 ہزار 348 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔ مدمقابل مسلم لیگ ن کے امیدوار سلمان نعیم نے 40 ہزار 432 ووٹ حاصل کئے۔ کامیابی کا اعلان ہوتے ہی پی ٹی آئی کے حلقوں میں جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی اور زبردست انداز سے کھلاڑیوں نے بھنگڑے ڈالے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا پی ٹی آئی کے کھلاڑیوں نے زین قریشی کو کندھوں پر اٹھا لیا۔ مسلم لیگ ن کے حلقوں میں مایوسی کا راج ر ہا اور تمام رہنما خاموشی سے گھروں میں واپس چلے گئے۔ اپنی کامیابی کے اعلان کے فوری بعد مخدوم زین حسین قریشی نے اپنی رہائش گاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں یہ اعلان ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی ہی عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پی پی 83 خوشاب 2 سے تحریک انصاف کے امیدوار ملک حسن اسلم خان 46475 ووٹ لیکر جیت گئے۔ آزاد امیدوار محمد آصف ملک نے 41752 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے امیر حیدر سنگھا نے 34463 ووٹ لئے۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق حلقہ پی پی 202 کی نشست پی ٹی آئی کے میجر (ر) چودھری غلام سرور نے 61989 ووٹ لیکر جیت لی۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک نعمان احمد لنگڑیال 59167 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 237 بہاولنگر سے مسلم لیگ ن کے فدا حسین وٹو 61 ہزار 248 ووٹ لے کر کامیاب رہے۔ تحریک انصاف کے آفتاب رضا 25 ہزار 227 ووٹ لے سکے۔ ڈیرہ غازیخان سے بیورو رپورٹ کے مطابق پی پی 288 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار سیف الدین خان کھوسہ نے 59450 ووٹ لے کر غیر حتمی غیر سرکاری طور پر کامیابی حاصل کر لی جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ کے امیدوار سردار عبدالقادر خان کھوسہ 33501 ووٹ لے سکے۔ ووٹوں کی کاسٹنگ کی شرح 46.26 فیصد رہی۔ پی پی 273 مظفر گڑھ 6 سے مسلم لیگ ن کے سبطین رضا بخاری 52631 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ تحریک انصاف کے یاسر عرفات جتوئی 46903 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں پی پی 25 اور127میں ضمنی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے دونوں نشستوں پر میدان مار لیا۔ حلقہ پی پی 127کے 175پولنگ سٹیشنزکے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار مہر نواز بھروانہ69986 ووٹ لیکر جیت گئے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار مہر اسلم بھروانہ46825 لیکر ہار گئے۔ اسی طرح صوبائی حلقہ پی پی 125کے 185پولنگ سٹیشنزکے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے محمد اعظم چیلہ 82382 ووٹ لیکر جیت گئے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار فیصل حیات جبوآنہ 52178ووٹ لیکر ہا رگئے۔ دونوں حلقوں میں مجموعی طو رپر 360پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پی پی 97فیصل آباد کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے علی افضل ساہی 12ہزار سے زائد ووٹوں کے مارجن سے جیت گئے ہیں انہوں نے 67022 ووٹ حاصل کئے۔ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد اجمل چیمہ 54 ہزار 266ووٹ حاصل کرسکے۔ اس حلقے میں کل 168 پولنگ سٹیشن تھے۔ تمام پولنگ سٹیشنز کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق دونوں امیدواروں کے مابین کلوز فائیٹ ہوئی۔ پی پی 7 راولپنڈی سے پاکستان مسلم لیگ ن کے راجہ صغیر احمد 68906 ووٹ لے کر 49 ووٹوں سے جیت گئے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کرنل (ر) شبیر اعوان نے 68857ووٹ حاصل کئے۔ پی پی 272 مظفر گڑھ میں پاکستان تحریک انصاف کے معظم جتوئی 49823 ووٹ لیکر فاتح ٹھہرے جبکہ زہرہ باسط بخاری 42995 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہیں۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق حلقہ پی پی 90 پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عرفان اﷲ خان نیازی 70865 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے امیدوار سعید اکبر خان نوانی 66513 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔
پی ٹی آئی/ میدان مار لیا
بلا چل گیا شیر کو حیران کن شکست
Jul 18, 2022