لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا ہے قوم جان چکی ہے کہ عمران خان کی قیادت میں ہی ملک موجودہ سیاسی چیلنجوں کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ عمران خان نے جرات سے نااہل حکمرانوں کو للکار کر غریب عوام کی آواز بلند کی۔ پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ میں جو کہا اس پر عمل نہیں کیا، ہوا کا رخ بدل چکا ہے، ن لیگ کی کشتی ڈوب رہی ہے۔ یہ دیکھ کر ہی ان کے ارکان اب استعفے دے رہے ہیں۔ پرویز الہٰی نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مونس الہٰی کو کریڈٹ دوں گا کہ اس نے مجھے پکڑ کر رکھا کہ ہلنا نہیں۔ عمران خان نے کمال حکمت عملی بنائی۔ اگر عمران خان اسمبلی توڑنے کا کہیں گے تو میں سوچوں گا نہیں دو سیکنڈ میں ابھی توڑ دوں گا۔ مشورہ ضرور دوں گا لیکن عمل عمران خان کا ہو گا۔ ڈائیلاگ سیاست کا حصہ ہیں، ہوتے رہتے ہیں۔ پرویز الٰہی سے پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سلیم بریار‘ احسن بریار‘ چودھری وجاہت حسین شریک تھے۔ پارٹی رہنماؤں نے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر پرویز الٰہی کو مبارک باد دی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ کامیابی پر اﷲ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں‘ عوام کے مشکور ہیں، عمران خان کے بیانیے کی فتح ہوئی ہے۔ پہلے دن سے یقین تھا کہ عوام درست فیلصہ کریں گے۔ عمران خان نے بھرپور انتخابی مہم چلائی۔ انشاء اﷲ تحریک انصاف اور ق لیگ کا فوکس عوامی ریلیف ہو گا۔
پرویز الہی