گڑبڑ کرنیوالے نا اہل ہوسکتے ہیں پر امن الیکشن کرانے پر اداروں کا شکریہ الیکشن کمیشن 

Jul 18, 2022

لاہور، ملتان، اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ آئی این پی) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ گڑ بڑ میں ملوث امیدواروں کی نااہلی بھی ہوسکتی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے فول پروف انتظامات کئے، مانیٹرنگ کے لیے سینئر افسروں کے ساتھ خود کنٹرول روم میں موجود رہا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ شفاف انتخابی عمل کے لیے بروقت ہدایات  دیں‘ تمام اداروں آرمی، رینجرز، ایف سی اور پولیس کے اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہے۔ دوسری جانب پنجاب میں اتوار کو ہونے  والے ضمنی انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے مرکزی و صوبائی کنٹرول رومز  قائم کئے گئے ہیں، ترجمان الیکشن کمشن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، مرکزی کنٹرول روم سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پولنگ کی نگرانی کی۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے آغاز کا الزام عائد کیا ہے۔ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ مظفر گڑھ میں ہمارے امیدوار معظم جتوئی کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشن 44 اور 46 سے باہر نکال دیا گیا،  شہباز گل کے الزام  پر  الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مظفرگڑھ میں پولنگ سٹیشنز سے پولنگ ایجنٹس کو  باہر نکالنے کا الزام غلط ہے اور انہوں نے کہا سیاسی جماعت کے تصدیق شدہ پولنگ ایجنٹ کو بھی بیٹھنے کی اجازت ہے، بغیر تصدیق کے الزامات لگا کر پولنگ کا عمل متنازع نہ بنایا جائے۔ دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن ہارون شنواری  نے بھی شہباز گل کے الزام پر کہا کہ  پولنگ سٹیشن 44 پر پی ٹی آئی کے امیر بخش نے ڈیوٹی دی۔ صرف مجاز پولنگ ایجنٹ کو پولنگ سٹیشن کے اندر آنے کی اجازت ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب ضمنی انتخابات میں ڈیوٹی انجام دینے پر  تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں یعنی پاک آ رمی، رینجرز، پنجاب پولیس اور ایف سی  کو پرامن اور شفاف انتخابات کروانے میں بھرپور کردار کو سراہا  ہے۔اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن کے سٹاف، اور صوبائی حکومت کے تمام عہدیداران و اہلکاران جو  پنجاب پولنگ کے عمل میں شامل تھے ان کے کردار کو بھی سراہا  ہے اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے. الیکشن کمیشن نے  پنجاب میں شفاف اور پرامن ضمنی انتخابات میں تمام میڈیا کے مثبت کردار  اور بروقت پولنگ صورتحال سے آگاہ  کرنے کرنے کی تعریف کی اور میڈیا کے تمام نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔الیکشن کمیشن نے اسدعمر کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا  ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی سویلین ، عام آدمی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہ کی جائے بصورت دیگر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ اتوار کو اپنے بیان میں ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹری  اور آئی جی پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں پولنگ و صاف اور شفاف بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے تمام ووٹرز کو پیغام دیا ہے کہ وہ اپنی پسند کے امیدوار کوووٹ دیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیف الیکشن کمشنر کی  واضح ہدایات  ہیں کہ قانون کی خلاف ورزی اور پرتشدد واقعات کی بالکل اجازت نہ دی جائے ۔الیکشن کمشن نے  پی ٹی آئی کے نائب کپتان شاہ محمود قریشی اور مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کو نوٹس جاری کر دیا۔ ڈسڑکٹ الیکشن کمشنر ون ملتان محمد سلیم اختر خان کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ  شاہ محمود قریشی نے مسلسل مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا، غیر متعلقہ شخص کا پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لودھراں کے احکامات پر ٹیچر گورنمنٹ ہائر سکول لودھراں محمد آصف کو معطل کر دیا گیا ہے۔ آصف نے سرکاری ملازم ہوتے ہوئے انتخابی مہم میں شرکت کی اور سیاسی سرگرمیوں میں ملوث رہا۔ پی پی حلقہ 217 ملتان 7 کے ریٹرننگ آفیسر نے صوبائی وزیراعلیٰ حیدر گیلانی کو جواب کیلئے نوٹس جاری کر دیا ہے۔ آر او کے مطابق صوبائی وزیر علی حیدر گیلانی نے پولنگ سٹیشن نمبر 90 کا دورہ کیا۔
الیکشن کمشن 

مزیدخبریں