دولہے، نابینا، معذور اور بزرگ بھی ووٹ ڈالنے آئے

شیخوپورہ، لودھراں، ڈی جی خان (نمائندہ خصوصی + این این آئی) حلقہ پی پی140 کے ضمنی انتخاب میں شیخوپورہ کے محلہ رام گڑھا کا رہائشی محمد ذیشان نے اپنی بارات سے قبل بینڈ باجے کے ساتھ (گلی مادھووالی) پولنگ سٹیشن پہنچا جہاں اس نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ دولہا محمد ذیشان جب پولنگ سٹیشن کی طرف آرہا تھا تو اس نے ہاتھ میں تحریک انصاف کا پرچم بھی پکڑا ہوا تھا، دولہا محمد ذیشان نے بتایا کہ عمران خان کی پالیسیاں ملک اور عوام دوست تھیں وہ اپنے الیکشن نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کیلئے جدوجہد کر رہا تھا اور وہ عالم اسلام کا نڈر اور سچا عاشق رسول بن کر سامنے آیا، اس کی پالیسیوں سے متاثر ہوکر میں نے اس کو ووٹ کاسٹ کیا۔ میں نے نوافل ادا کر کے ووٹ کاسٹ کیا ہے اور اب باراتیوں کے ساتھ دلہن کو لیجانے جا رہا ہوں۔ شیخوپورہ صوبائی الیکشن میں شدید حبس اور گرمی کے باوجود بھی بزرگ مرد وخواتین کی بڑی تعداد اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے پولنگ سٹیشن پہنچیں، کوئی وہیل چیئر تو واکر سٹل استعمال کرتے ہوئے پولنگ سٹیشن پہنچے، ان میں محلہ مجاہد نگر،گورنمنٹ گرلز کالج، نورالامین کالونی، محلہ جہانگیر آباد سمیت دیگر مقامات پر بزرگ مردوخواتین ووٹرز نے ووٹ کاسٹ کئے۔ پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 228 لودھراں 5 میں 100سالہ بزرگ ووٹ کاسٹ کرنے پہنچے، 100سالہ بزرگ پیر بخش کے ساتھ ان کا بیٹا اور پوتا بھی ووٹ ڈالنے آئے۔ دادا اور پوتے نے ایک ہی سیاسی جماعت کو ووٹ کاسٹ کیا جبکہ بیٹے نے ایک دوسری سیاسی جماعت کو ووٹ ڈالا۔ دوسری جانب ڈی جی خان کے حلقہ پی پی 288 میں 70سالہ نابینا شخص ووٹ کاسٹ کرنے پہنچا، 70سالہ حاجی پلیہ خان نے پولنگ سٹیشن چھابڑی بالا میں اپنا ووٹ ڈالا۔ دوسری جانب پی پی 228  لودھراں  کے پولنگ سٹیشن نمبر 27 میں نوبیاہتا جوڑا ووٹ ڈالنے پہنچ گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران دلہا نے کہا کہ ووٹ ڈالنا ایک قومی ذمہ داری ہے، مہمان اور ولیمہ چھوڑ کر آئے ہیں، لیڈر اچھا آئے گا تو قوم کا مستقبل اچھا ہو جائے گا۔
نابینا/ بزرگ/دولہے ووٹ

ای پیپر دی نیشن