اچھا دل وہ جوبغض وکینہ سے پاک ہو، حاجی محمد امین عطاری


کراچی(سٹی نیوز)دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و نگران کراچی مشاورت حاجی محمد امین عطاری نے کہا ہے کہ ظلم وبربریت اور گناہوں کا جو بازار گرم ہوتا ہے اس کی ایک وجہ دل کی سختی ہے ،دل جب سخت ہوجاتا ہے تو لوگ گناہوں  پردلیر ہوجاتے ہیں اور ظلم سے کرنے سے بھی نہیں رکتے ،موت وآخرت کو یاد نہ کرنے کے سبب دل ایسا سخت ہوجائے کہ نصیحت دل پر اثر نہ کرے ،گناہوں پر رغبت ہوجائے اور گناہ کرنے پر شرمندگی نہ ہو یہ دل کی سختی کی علامات ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں سنتوں بھرے اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دل اچھے بھی ہوتے ہیں اور دل برے بھی ،اللہ پاک نے دونوں دلوں کے بارے میں قرآن پاک میںذکر فرمایا ہے ،دل گناہوں کی وجہ سے باطنی بیماریوں کا شکار ہوجا تا ہے ،جسمانی امراض زیادہ سے زیادہ انسان کی جان لیتے ہیں جبکہ باطنی بیماریوں سے انسان کا ایمان برباد ہوجاتا ہے ۔ حاجی محمد امین عطاری نے کہا کہ دل اگر نیک ہے تو اعضاء بھی نیکی اختیار کریں گے تقویٰ اپنائیں گے اگر دل نیک نہ ہو ،سخت ہو تو انسان گناہوں کے کرگزرنے میں عار محسوس نہیں کرتا،اگر دل نرم ہے تو چھوٹے سے جانور کے مرنے پر بھی افسوس ہوتا ہے،اگر دل سخت ہے تو انسان بڑے بڑے جرائم کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتا ہے ،انسان کے جسم میں دل ایسا عضو ہے جس کے سنبھلنے سے انسان سنبھل جاتا ہے اور جس کے بگڑنے سے انسان بگڑ جاتا ہے ،دل کی سب سے اچھی حالات یہ ہے کہ وہ بغض وکینہ سے پاک صاف ہو۔انہوں نے کہا کہ دل کی بد تر حالت یہ ہے کہ وہ یاد خدا سے غافل ہو،یادررکھیں جو چیز اللہ کے ذکر سے غافل ہو وہ ہلاک کردی جاتی ہے ،درخت اس وقت کاٹا جاتا ہے جب وہ اللہ پاک کے ذکر سے غافل ہو ،پرندہ اس وقت قید کرلیا جاتا ہے جب وہ اللہ پاک کے ذکر سے غافل ہوتا ہے ،انسان اللہ کے ذکر سے غافل ہو کر نفسانی خواہشات کا شکار ہوجاتا ہے،دل کی بدترین حالت یہ ہے کہ اسے حلال وحرام کی تمیز نہیں ہوتی اوردل گناہوں کی آلودگیوں میں ڈوبا ہوا ہو۔ حاجی محمد امین عطاری نے کہا کہ کون کون سے گناہ کرنے ہیں افسوس لوگ پہلے سے ہی پلاننگ کرلیتے ہیں ،جن کے دل گناہوں کی وجہ سے باطنی بیماریوں کے مریض بن چکے ہیں ،اب انہیں نصیحت کی باتیں اچھی نہیں لگتی ،ان کا دل اللہ پاک کے ذکر میں نہیں لگتا ،وہ زیادہ دیر مسجد میں نہیں رکتے ،ہمیں بھی اپنی کیفیت پر غور کرنا چاہئے ۔

ای پیپر دی نیشن