پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ اچھی شروعات ہے:ملک مجددسلیمان

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سابق سیکر ٹری فنانس انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی ملک مجدد سلیمان نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ اچھی شروعات ہے تاہم اس کمی کے فوائد نچلے طبقہ تک پہنچانے کیلئے حکومت کو فوری اور سخت انتظامی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمت میں کمی کے اثرات فوری طور پر عوام تک پہنچانے کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ خاص طور پر ڈیزل کی قیمت میں خاطر خواہ کمی کی گئی ہے جس سے سامان کی نقل وحمل کے علاوہ بسوں کے ذریعے سفر کرنے والوں کو کرایوں میں واضح کمی نظر آنی چاہیے۔ عام طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ ہی کرائے بڑھا دیئے جاتے ہیں مگر کمی کی صورت میں اس کے فوائد لوگوں تک نہیں پہنچائے جاتے۔ حکومت کو ا س سلسلہ میں فوری انتظامی اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ اس کمی کے ثمرات نچلے طبقہ تک پہنچائے جا سکیں۔
 انہوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا موجودہ سلسلہ اونچ نیچ کا شکا ر نہیں ہوگا بلکہ آنے والے دنوں میں اس میں مزید کمی کے ذریعے لوگوں کو ریلیف دینے کی کوشش کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن