فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی صنعت و تجارت اور ٹرانسپورٹ بزنس سیکٹر کی معاشی سرگرمیوں میں بہتری لے کر آئے گی ۔ مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں یہ اقدام انتہائی کلیدی کردار ادا کرے گا ۔ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے معاشی معاہدے ملک میں معاشی ترقی کے سویرے کو طلوع کرینگے ۔ حکومت کی پوری توانائی اور نیک نیتی انڈسٹری کیلئے کامیابیوں کے دروازے کھولے گی ۔ صنعتی و تجارتی اداروں کو ریلیف ملنے اخراجات کم ہونے سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور بے روزگاری ختم ہوگی ۔ حکومت مزید ایسے اقدامات کا نفاذ یقینی بنائے جس سے صنعتوں اور صنعتکاروں کو سازگار حالات میسر آئیں ۔ کاروباری اقتصادی معاشی شعبہ ہائے زندگی کی خوشحالی سے ہی ملک میں خوشحالی اور ملکی معیشت کی ترقی کا عمل پروان چڑھ سکتا ہے ۔