خیبرپی کے :حکومت ترقیاتی  غیرترقیاتی فنڈز جاری نہ کرسکی

Jul 18, 2022

کوہاٹ (این این آئی)خیبرپختونخوا حکومت رواں نئے مالی سال کے شروع ہوئے تین ہفتے گزرنے کے باوجود بھی اب تک ترقیاتی و غیرترقیاتی فنڈز جاری نہ کرسکی جبکہ پچھلے سال یکم جولائی2021 کو تمام فنڈز جاری کرنے کا کریڈٹ لے گئی تھی۔باخبر سرکاری ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت رواں مالی سال 2022-23 کی ابتدائی سہ ماہی کے تقریباً تین ہفتے گزرنے کے باوجود بھی ترقیاتی و غیرترقیاتی فنڈز جاری نہ کرسکی۔خیال رہے کہ پچھلے مالی سال کے آخری دنوں(جون  2022 ) میں مبینہ طورپراربوں روپے کے ترقیاتی و غیرترقیاتی فنڈزمنجمد کردیئے گئے تھے ۔
جس کی وجہ سے قومی تعمیر نو کے محکموں کے زیرانتظام ترقیاتی منصوبوں کے لئے جاری کردہ کروڑوںروپے کے چیک سرکاری خزانے سے کلیئر ہوئے بغیر واپس ہوگئے تھے۔ صوبائی حکومت نے پچھلے مالی سال 2021-22کے شروع ہوتے ہی پہلے روزیکم جولائی 2021 سے جاری و نئے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص تمام فنڈزجاری کرکے محکمہ خزانہ کے صوبائی وزیر تیمورخان جھگڑا نے کریڈٹ لیا تھا تاہم اب کی بارصوبائی حکومت اور محکمہ خزانہ نے خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔

مزیدخبریں