کوئی بنیادی مرکز صحت یا میونسپل ڈسپنسری بند نہیں کی جا رہی، ڈاکٹر جمال ناصر 


 لاہور (نیوز رپورٹر)وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے ویژن کے تحت صحت عامہ کی سہولتوں کا معیار بہتر بنانے کیلئے تمام ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ ہسپتالوں کا نظام فعال طور پر چلانے اور ضروری ادویات اور طبی آلات کی فوری خرید کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو 10 ملین روپے تک اخراجات کی منظوری دینے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔بنیادی مراکز صحت اور میونسپل ڈسپنسریوں کو اپ گریڈ کر کے فلٹر کلینک بنایا جائے گا۔ڈسپنسریوں کو فلٹر کلینک بنانے سے مریضوں کو علاج کی بہتر سہولتیں مقامی طور پر دستیاب ہوں گی اور ہسپتالوں پر دباو¿ کم ہو گا۔ کوئی بنیادی مرکز صحت یا میونسپل ڈسپنسری بند نہیں کی جا رہی، اس سلسلے میں جاری کیا گیا آرڈر واپس لے لیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منڈی بہاوالدین کو دو کروڑ کی خصوصی گرانٹ دی جائے گی۔پنجاب کابینہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور کا نام تبدیل کرکے بابا بلھے شاہ ہسپتال رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال فیصل آباد کا نام تبدیل کر کے نصرت فتح علی خان ہسپتال رکھ دیا گیا ہے۔پنجاب کی جیلوں کے ہسپتالوں کا نظام محکمہ پرائمری ہیلتھ کے سپرد کیا جا رہا ہے۔قیدیوں اور جیل ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو معیاری طبی سہولتیں دستیاب ہو سکیں گی۔

ای پیپر دی نیشن