گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پی پی 63فرقان عزیزبٹ نے حکومت کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈز کی شرائط پر بجلی کی قیمت میں 4.96روپے فی یونٹ اضافہ کرنے کے فیصلہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پہلے ہی ہوشربا بلوں کی وجہ سے پریشان اور ان کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے،ایک ماہ کے دوران بجلی کی قیمت میں تین مرتبہ اضافہ کرنا حکمرانوں کی بے حسی کی عکاسی کرتا ہے، حالیہ اضافے سے بنیادی ٹیرف24روپے سے بڑھ کر 29روپے اور بجلی کا ایک یونٹ 50روپے سے تجاوز کر جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت کی طرف سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر میاں اعجاز احمد انصاری،رانا عمران مستقیم ،عمر بٹ،احمد سہیل،فاروق گجر،افضل انصاری ودیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ 24کروڑ عوام کو ریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں، مستقبل کی خاطر رواں سال کے ابتدائی 6ماہ کے دوران 3لاکھ95ہزار افراد دیار غیر چلے گئے ہیں۔ جن میں 15ہزار انجینئر اور 1583ڈاکٹرز شامل ہیں۔