پرویز خٹک کے فیصلے سے ہمارے م¶قف کی تائید ہوئی: جہانگیر ترین‘ علیم خان

Jul 18, 2023


لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) جہانگیر ترین نے نئی جماعت کے قیام پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پرویز خٹک کی جماعت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ محب وطن سیاسی قیادت کو ملکی استحکام عزیز ہے عوام اور سیاسی رہنما 9 مئی بیانیہ کی آبیاری کرنے والوں سے علیحدہ ہو رہے ہیں۔ دوسری طرف استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے پرویز خٹک کی طرف سے نئی سیاسی جماعت بنانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مثبت اور خوشگوار اضافہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کے اس فیصلے سے ہمارے موقف کی تائید ہوئی ہے کیونکہ استحکام پاکستان پارٹی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز دونوں کی بنیاد اور مقصد ایک ہی نظر آتے ہیں اور اب نئی سیاسی فضا میں زیادہ بہتر کام ہو گا۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پرویز خٹک بھی رازداں ہیں، انہیں علم ہے کہ کون کتنا ذمہ دار ہے۔ لہذا تخریب اور تشدد کی سیاست کو بڑھاوا دینے والوں کو ایک اور دھچکا لگا ہے کیونکہ عوام اب سچائی جان چکے ہیں اور اب حقیقی معنوں میں ملک کی تعمیر ہو گی۔ صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے کہا کہ اداروں پر حملے ناقابل برداشت ہیں، اس 9مئی کے واقعات کا شدید رد عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرد واحد نے اپنی ذاتی تسکین کے لئے صوبوں میں مضبوط حکومتیں نہیں بننے دیں اور پنجاب اور کے پی کے سمیت 2018ءکے بعد کہیں بھی عوامی مسائل حل نہیں ہوئے۔ عبدالعلیم خان نے پرویز خٹک اور ان کی پارٹی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی کامیابی کے لئے دعا کی۔ 
ترین/ علیم

مزیدخبریں