اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے سینٹ ٹیکنوکریٹ سیٹ کی نشست کیلئے قانون تبدیل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ سینٹ ٹیکنو کریٹ سیٹ پر تعلیمی قابلیت کے علاوہ 20 سالہ تجربہ درکار ہو گا۔ پولنگ ڈے سے 5 روز قبل پولنگ سٹیشن تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ انتخابی اخراجات کیلئے امیدوار پہلے سے زیر استعمال بنک اکا¶نٹ استعمال کر سکیں گے۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی اور قواعد و ضوابط سے متعلق ایجنڈا آج منگل تک کیلئے م¶خر کر دیا گیا۔ دوسری طرف وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ نئی مردم شماری منظور نہ ہو تو پرانی منظور شدہ مردم شماری پر الیکشن ہوتے ہیں۔ وفاقی وزیر قانون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 54 میں دونوں صورتیں موجود ہیں۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ انتخابی اصلاحاتی کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے۔ انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کی سفارشات آج شام تک منظر عام پر آ جائیں گی۔
اصلاحات کمیٹی
الیکشن سے 5 روز قبل پولنگ سٹیشن تبدیل نہیں ہوگا: اصلاحات کمیٹی
Jul 18, 2023