اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں بین الاقوامی معاشی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ائیر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کو جدت سے استوار کرنے اور مقامی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے جاری مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ سربراہ پاک فضائیہ نے وزیر خزانہ کو پاک فضائیہ کے نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ سے آگاہ کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے معیشت کو ترقی اور استحکام کی جانب گامزن کرنے کے لیے حکومت کی عملی پالیسیوں اور اقدامات کی بھی تعریف کی۔ وزیرِ خزانہ نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ ملک کے ناقابلِ تسخیر فضائی دفاع کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے پاکستان کو ایک خوشحال اور معاشی طور پر مستحکم ملک بنانے کی غرض سے حکومت پاکستان کی جانب سے نافذ کی جانے والی اقتصادی پالیسیوں اور وسیع منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بہترین صلاحیتوں سے لیس اور ہنرمند فضائی اہلکاروں کی تیاری و تربیت، جو ملک کے فضائی دفاع اور قومی سلامتی کے بدلتے چیلنجوں سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں، پر پاک فضائیہ کی قیادت کی تعریف کی۔
ڈار/ ائرفورس