اسلام آباد (خبرنگارخصوصی)آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی کورکمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور دیگر دہشتگرد گروپوں سے ملکی سلامتی کو خطرہ ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 258 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی جس میں اندرونی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی پہلوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے دہشت گردی کےخلاف عظیم قربانیاں دینے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ فورم نے قرار دیا کہ کالعدم ٹی ٹی پی اوردیگر دہشتگرد گروپوں سے ملکی سلامتی کو خطرہ ہے۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے ایک پڑوسی ملک میں کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر گروہوں کو کارروائی کی آزادی، دہشت گردوں کے پاس جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو نوٹ کیا گیا اور فورم نے کہا کہ دہشت گردوں کے پاس جدید ترین ہتھیار پاکستان کی سلامتی متاثر کرنے کی بڑی وجوہات ہیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھاکہ معروضی تربیت ہماری پیشہ ورانہ مہارت کا خاصہ ہے، قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے بچا کیلئے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو اقتصادی بحالی منصوبے سرمایہ کاری، زراعت، آئی ٹی سے متعلق بریفنگ دی گئی اور معدنیات اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں فوج کے کردار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کے تحت اقدامات پر بھی فورم کو بریفنگ دی گی اور شرکا نے عزم کا اظہار کیا کہ معیشت بحالی کیلئے اقدامات کو ہر ممکن تکنیکی اور انتظامی معاونت دی جائیگی۔
کورکمانڈرز کانفرنس
کالعدم ٹی ٹی پی، دہشت گرد خطرہ، کور کمانڈرز کانفرنس
Jul 18, 2023