لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانوی وزیر داخلہ سویلا بریورمین نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے لیے اسلام پسند دہشت گردی اب بھی سب سے بڑا خطرہ ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق وزیرداخلہ نے اسلام پسند دہشت گردی کو قومی سلامتی کا سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ماہ برطانیہ میں ایک عوامی اجتماع پر داعش کی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا گیا تھا۔ اسلامی دہشت گردی ایک بڑا خطرہ بنی ہوئی ہے اور یہ بالکل غیر متوقع ہوتی ہے، جس کا پہلے سے پتہ لگانا اور پھر تفتیش کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے خبردار کیا کہ اس قت بھی انسداد دہشت گردی فورسز کے پاس لگ بھگ 800 دہشت گردی سے متعلق براہ راست کیسز کی تحقیقات جاری ہیں جب کہ 2022ءمیں دہشت گردی سے متعلق جرائم کے لیے 169 گرفتاریاں کی گئیں۔ یاد رہے کہ وزیر داخلہ بریورمین اس ہفتے انسداد دہشت گردی کے لیے نئی حکمت عملی کا اعلان کرنے والی ہے اور ایسا عراق کے انسداد دہشت گردی کے سینئر افسر کے اس بیان کے بعد کیا جا رہا ہے جس میں انہوں نے داعش کی جانب سے برطانیہ میں حملے کی تیاری کا انکشاف کیا تھا۔
برطانیہ/ دہشتگردی
اسلامی دہشتگردی سلامتی کیلئے اب بھی سب سے بڑا خطرہ ہے : برطانوی وزیرداخلہ
Jul 18, 2023