اللہ یار اینڈ دی ہندرڈ فلاورز آف گاڈ کی لاہور میں سکریننگ

Jul 18, 2023

پاکستان کی پہلی تھری ڈی اینی میٹڈ فلم’’ اللہ یار اینڈ دی ہنڈرڈ فلاورز آف گاڈ‘‘کے خصوصی شو کا گزشتہ دنوں اہتمام لاہور میں کیا گیا۔ ’’اللہ یار اینڈ دی ہنڈرڈ فلاورز آف گاڈ‘‘ایک انتہائی تفریحی اینی میٹڈ فلم ہے جس کی ڈائریکشن ظہیر خان کی ہے۔یہ فلم عید الاضحی کے موقع پر نمائش کے لیے پیش کی گئی بعد ازاں میڈیا کے لیے فلم کے ایک خصوصی شو کا اہتمام کیا گیا جس میں میڈیا کے علاوہ شہر کی مشہور اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔انتہائی تفریحی اور ایکشن سے بھرپور اس پاکستانی اینی میشن فلم میں شامل اول درجے کے فنکاروں کو حاضرین کی جانب سے داد و تحسین پیش کی گئی۔ حاضرین حیرت انگیز اینی میشن اور جاندار سینماٹوگرافی دیکھ کر حیران تھے۔ انہوں نے پہلی تھری ڈی پاکستانی فلم سے خوب لطف اٹھایا۔اس فلم میں علی ظفر‘ صنم ماروی ‘علی نور اور گریہان بینڈ کے او ایس ٹیز شامل ہیں۔فلم ناظرین کو حیرت‘ ایڈونچر اور زندگی کے نصیحت آموز اسباق سے بھری جادوئی دنیا میں لے جاتی ہے۔ یہ فلم اللہ یار نامی ایک نہایت بہادر نوجوان کے سفر کی داستان ہے جسے اپنے خوف پر قابو پاتے ہوئے اپنے ناپسندیدہ جادوئی مخلوق کے گروہ میں شامل ہونا پڑتا ہے تاکہ وہ حسین و جمیل جادوئی وادی کو تباہی سے بچاسکے۔ تیز رفتار اور پروجوش اللہ یار نے اپنے سیارے کو ایک آنے والے عذاب سے بچالیا جو کئی دہائیوں سے جنگلات کی کٹائی اور آلودگی کی وجہ سے اسے قابل تجدید توانائی کا صاف اختیار فراہم کرتا ہے۔ اس کہانی کے دیگر نمایاں موضوعات میں سماجی عدم مساوات اور ناانصافی کے ساتھ ساتھ اتحاد میں مضبوطی اور دوستی کی قدر نمایاں ہیں۔ یہ ایک ایسی فلم ہے جس کے کردار عام زندگی سے متعلق ہیں اورجو نوجوانوں کے لیے بصری طور پر دلکش اور ثقافتی طور پر مناسب رول ماڈل ہیں۔فلم کے نمایاں ستاروں میں اقرا ء عزیز بطور آئرہ ‘اظفر جعفری بطور ہیرو‘ انعم زیدی بطور اللہ یار ‘ علی ظفر بطور منسٹر ‘میرا بطور بش پرنسز‘ہمایوں سعید بطور سیج‘ بشری انصاری بطور آنٹی لیز ‘ نادیہ جمیل بطور کامیواور اذلان بطور اذلان شامل ہیں۔فلم ایکشن‘ ڈرامہ اور کامیڈی کے ساتھ ساتھ معیاری اداکاری سے بھرپور ہے جس میں سماجی پیغامات کے رنگ نمایاں ہیں جنہیں ناظرین نے بے حد سراہا ہے۔اپنی دلچسپ کہانی اور زمینی مناظر کے ساتھ سامعین کو مسحور کرنے کے لیے تیارسنیما کی یہ غیر معمولی تخلیق پاکستان کی اینی میشن انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے ۔

مزیدخبریں