قصور (نمائندہ نوائے وقت) تھانہ صدر پھولنگر کی حدود میں بیوی نے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ دینا ناتھ چک66 کے رہائشی خادم حسین نے نامزد مقدمہ در ج کروایا ہے کہ میرا 31سالہ بھانجا عامر جاوید جو کہ گونگا بہرہ ہے اس کی دو ماہ قبل عنیقہ بی بی سے شادی ہوئی تھی اور ملزم جاوید اقبا ل بھی اس کا حقیقی بھائی ہے جو مشترکہ سات مرلہ مکان میں رہائش پذیر تھے۔ ملزم جاوید اقبال اسے مکان سے نکالنا چاہتا تھا اور ملزمہ عنیقہ بی بی نے ملزم جمیل قادر سے ناجائز تعلقات قائم کررکھے تھے اور عامر جاوید دونوں کے درمیان رکاوٹ بنا ہوا تھا۔ گزشتہ روز محمد اشفاق، محمد عمران عامر جاوید کے گھر کے پاس سے گزر رہے تھے کہ سرگوشیاں ہوتی سنائی دیں تو ملزمان محمد جمیل قادر، رانی بی بی، عنیقہ بی بی، محمد رمضان، جاوید اقبال وغیرہ نے عامر جاوید کے گلے میں پھندا ڈال رکھا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے عامر جاوید کو ناحق قتل کر دیا ہے۔ ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
پھولنگر کے نواحی گاؤں میں آشنا سے ملکر شوہر قتل کر دیا
Jul 18, 2023