لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے سانحہ نو مئی پولیس کی گاڑیاں جلانے اور پولیس پر تشدد کیس میں 4 ملزمان کو 7 روزہ شناخت پریڈ کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جبکہ پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔ عدالت نے اعجاز چوہدری کو 31 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عسکری ٹاور جلانے کے کیس میں خدیجہ شاہ کو 14 دن کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، خدیجہ شاہ کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے کے بعدکے روبرو دوبارہ پیش کیا گیا۔ عدالت نے انہیں 31 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ دریں اثناء اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کرنے کیلئے بیان حلفی کی تصدیق کا معاملہ، چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 8 درخواستوں کے بیان حلفی پر دستخط کر دیئے۔ ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل محمد ناصر نے چیئرمین پی ٹی آئی اور اہلیہ کے بیان حلفی تصدیق کر دی، چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نے اسلام آباد کی ماتحت عدالتو ںسے 8 کیسز ٹرانسفر کرنے کیلئے درخواستیں دائر کرنا ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے فرح شہزادی عرف فرح گوگی کی جانب سے بچوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر وفاقی وزرات داخلہ سے 21 جولائی کو تحریری جواب طلب کر لیا۔ ایف آئی اے نے جواب میں موقف اپنایا کہ ایف آئی اے کا کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے، ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کرنا وزرات داخلہ کا کام ہے۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایاکہ نیب نے 2019ء میں ہائوسنگ سوسائٹی کی انکوائری بند کر دی تھی ، دوبارہ انکوائری کو بدنیتی کی بنیاد پر کھول دیا گیا۔
خدیجہ شاہ سمیت 5 ملزم جیل منتقل‘ اعجاز چودھری کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع
Jul 18, 2023